وزیراعظم کی نصاب میں سیرت مبارک ﷺ فوراً شامل کرنے کی ہدایت
اسلام آباد(زمینی حقائق ڈاٹ کام ) وزیراعظم عمران خان نے وزارت تعلیم کونصاب میں فوری طور پر حضور پاک ﷺ کی حیات مبارک کے عملی پہلوئوں کو شامل کرنے کی ہدایت کر دی ہے، تاکہ نوجوان نسل کو آپ ص کے نقشِ قدم پر چلنے کیلئے حوصلہ افزائی کی جا سکے۔
وزیراعظم آفس کی طرف سے جاری کردہ تازہ ترین ہدایت نامہ میں وزیراعظم نے وزارت سے یہ بھی کہا ہے کہ یکساں قومی نصاب (سنگل نیشنل کریکولم) یعنی ایس این سی کے پہلے مرحلے (پانچویں جماعت تک) پر ملک بھر کے تمام تعلیمی اداروں بشمول نجی و سرکاری اور دینی مدارس میں آئندہ تعلیمی سال برائے 2021ء سے عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے۔
بتایا گیا ہے کہ پہلے مرحلے میں پانچویں جماعت تک کے ایس این سی میں تمام مسلمان اسٹوڈنٹس کیلئے قرآن پاک کی لازمی تعلیم ہوگی۔ اس سلسلے میں وفاقی اور صوبائی سطح پر ضروری قانون سازی مکمل ہو چکی ہے اور ساتھ ہی یہ میکنزم بھی طے ہو چکا ہے کہ طلبا کو قرآن پاک کیسے پڑھایا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق غیر ملکی فنڈنگ سے چلنے والے اداروں سمیت کچھ ایسے عناصر ہیں جوحکومت کے اس بڑے اقدام میں رکاوٹ ڈالنے کی کوششیں کر رہے ہیں۔ تاہم، ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے عزم کر رکھا ہے کہ قرآن پاک کی اس نئی اسکیم پر عمل لازمی کرایا جائے گا.
وزیراعظم کے عزم میں یہ بھی شامل ہے کہ ہر مسلم طالب علم کو حضور پاک ﷺ کی حیات مبارک کا مطالعہ کرایا جائے گا، اسی ہدایت نامے میں کہا گیا ہے کہ (پانچویں تک) کی نصابی کتب (ماسوائے انگریزی، جنرل سائنس اور ریاضی) کی زبان اردو ہوگی تاہم ’’صوبے اپنی مقامی زبانوں میں اپنی نصابی کتب تیار کریں گے.
پڑھاتے وقت کلاس میں ہدایت بھی اُسی زبان میں دی جائے جو اُس مخصوص علاقے یا خطے کے طالب علم کو باآسانی سمجھ آ سکے۔ جاری کی گئی ہدایت میں کہا گیا ہے کہ نصابی کتب کا ڈیزائن فوری طور پر تمام صوبوں اور علاقوں سے شیئر کیا جائے۔ نجی ناشروں کو اجازت ہوگی کہ وہ ایس این سی کے تحت اپنی نصابی کتب تیار کریں۔
نجی ناشرین کواس مقصد کیلئے صوبے یا علاقے کے متعلقہ حکام سے اجازت نامہ (این او سی) حاصل کرنا ہوگا۔ وفاقی وزارت تعلیم اور پیشہ ورانہ تربیت کو یہ ذمہ داری بھی سونپی گئی ہے کہ وہ تعلیمی اداروں میں عدم دستیاب سہولتوں کے مسئلے کے حل کیلئے سفارشات پیش کرے۔