اسلام آباد،سمیت کئی شہروں میں زلزلہ ، ہری پور میں خاتون جاں بحق

0


اسلام آباد (واجدمسعود)اسلام آباد، راولپنڈی، پشاور ،گلگت بلتستان سمیت ملک کے دیگر علاقوں میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے۔

اس کے علاوہ مردان، شمالی وزیرستان، سوات، باجوڑ، جہلم ، ملتان، سرگودھا، فیصل آباد، لاہور، مظفر آباد اور میرپور آزادکشمیر میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔

زلزلے کے جھٹکے جن علاقوں میں محسوس کیے گئے وہاں سے فی الحال کسی قسم کے نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔

بلوچستان کے علاقوں قلعہ عبداللہ، پشین اور توبہ اچکزئی میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔ لوگ گھروں سے باہر نکل آئے اور کلمہ طیبہ کا ورد کرتے رہے۔

پاکستان میٹ ڈپارٹمنٹ کا کہنا ہے کہ زلزلہ پاکستانی وقت کے مطابق رات 10 بجکر 2 منٹ پر آیا جس کی شدت 6.4 ریکارڈ کی گئی جبکہ گہرائی 80 کلو میٹر زیر زمین تھی۔

ادھرامریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق زلزلے کی شدت 5.9 ریکارڈ کی گئی اور زلزلےکا مرکز تاجکستان کے علاقے مرغوب سے 35 کلومیٹر دور تھا زلزلے کی گہرائی 91.6 کلومیٹر تھی۔

ڈائریکٹر جنرل ریسکیو پنجاب نے ہائی الرٹ جاری کردیا ہے۔ ترجمان کے مطابق ڈی جی ریسکیوپنجاب نے ریسکیو 1122 کوہائی الرٹ کردیا تاہم ابھی تک زلزلے سے کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔

ہری پورسے ملنے والی اطلاع کے مطابق زلزلے کے باعث حاملہ خاتون جاں بحق ہوگئی ہے جس کی لاش بعد میں ہسپتال منتقل کردی گئی.

ستائیس سالہ روبی بی بی خان پور کے علاقہ اسلام پور کی رہائشی تھی ریسکیو زرائع کے مطابق روبی بی بی چار ماہ کی حاملہ تھیں زلزلے کے وقت خاتون خوف سے بھاگ کر گھر کے صحن میں گئی تھی.

اچانک زمین پر گرنے سے خوف کے باعث دم توڑ گئی ریسکیو کنٹرول روم کو اطلاع موصول ہوتے ہی ریسکیو 1122 کی میڈیکل ٹیم نے خاتون کی لاش کو ٹراما سینٹر منتقل کیا.

زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت6.4 ریکارڈ کی گئی، زلزلے کا مرکز تاجکستان کا علاقہ تھا جبکہ زلزلہ 80 کلومیٹر کی گہرائی میں آیا.

Leave A Reply

Your email address will not be published.