سینیٹ امید واروں کااعلان، شبلی فراز ناٹ آوٹ، رحمان ملک آوٹ
اسلام آباد(زمینی حقائق ڈاٹ کام)مختلف جماعتوں کے سینیٹ امیدواروں کے نام سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں ، شبلی فراز دوبارہ انتخاب لڑیں گے جب پیپلز پارٹی نے اس بار رحمان ملک کو ٹکٹ نہیں دیا انھیں ایوان بالاکو خیر بادکہنا ہوگا۔
سینیٹ الیکشن 2021 کے لیے الیکشن کمیشن میں امیدواروں کی جانب سے کاغذات نامزدگی ریٹرننگ افسران کے دفاتر میں جمع کرانے کا سلسلہ کل تک جاری رہے گا۔14فروری کو نامزدامیدواروں کی ابتدائی فہرست جاری ہوگی۔
امیدواروں کی حتمی فہرست 23 فروری کو آویزاں کی جائے گی۔ سینیٹ انتخابات کے لیے پولنگ قومی اسمبلی اور چاروں صوبائی اسمبلیوں میں تین مارچ کو ہوگی جس کے لیے الیکشن کمیشن نے تمام انتظامات مکمل کرلیے ہیں۔
تحریک انصاف کے اسلام آباد سے حفیظ شیخ اور فوزیہ ارشد،پنجاب سے سیف اللہ نیازی، ڈاکٹر زرقا اور بیرسٹر علی ظفر ، خیبر پختونخواہ سے شبلی فراز، محسن عزیز، دوست محمد، ثانیہ نشتر کا نام حتمی فہرست میں شامل ہے۔
وفاقی وزیر فوادچوہدری کے ٹویٹ میں سندھ سے فیصل واوڈا کے سینیٹ کا الیکشن لڑنے کی تصدیق کی گئی ہے ، ٹیکنو کریٹ نشست پر سیف اللہ ابڑو تحریک انصاف کے امیدوار ہوں گے جبکہ بلوچستان سے عبدالقادر کا نام فائنل کیا گیا ہے۔
جے یو آئی نے کے پی سے پانچ امیدواروں کے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا فیصلہ کیا ہے تاہم حتمی ناموں کا اعلان پی ڈی ایم کی مشاورت سے کیا جاناہے۔
جمعیت علماء اسلام نے جنرل نشستوں کے لیے صوبائی امیر مولاناعطاء الرحمٰن،طارق خٹک اورحاجی زبیر علی ، خواتین کی نشست کے لیے ایم پی اے نعیمہ کشور جبکہ اقلیتی نشست پر ایم پی اے سرداررنجیت سنگھ امیدوار ہونگے۔
ذرائع کے مطابق پیپلزپارٹی پارلیمانی بورڈ نے جن امیدواروں کے ناموں کی منظوری دی ہے ان میں رحمان ملک اور اسلام الدین شیخ شامل نہیں ہیں، پیپلزپارٹی نے پنجاب سے راجہ عظیم الحق کو نامزد کیا ہے۔
کریم خواجہ اور تاج حیدر ٹیکنوکریٹ نشست پر ،خیر النسا مغل، پلوشہ خان خواتین نشستوں پر جبکہ صادق علی میمن جنرل نشست پر پیپلزپارٹی کے امیدوار ہونگے، مسلم لیگ ق کی جانب سے کامل علی آغا نے الیکشن کمیشن میں کاغذات نامزدگی جمع کروادیئے ہیں۔