مارگلہ ہلز میں 5 تیندوؤں کی موجودگی کی اطلاع پر شہری خوفزدہ
فوٹو :فائل
اسلام آباد(زمینی حقائق ڈاٹ کام)وفاقی دارالحکومت کے پہاڑی سلسلے مارگلہ ہلز اور بالخصوص نیشنل پارک میں ایک بار پھر تیندوؤں کی موجودگی نے ٹریک پر واک کرنے والوں کو خوفزدہ کر دیا ہے.
تیندوؤں کو کسی مخصوص علاقے تک محدود کرنے کی بجائے اسلام آباد وائلڈ لائف مینجمنٹ بورڈ نے عوام الناس کو خبردار کیا ہے کہ مارگلہ ہلز پر واک کرنے والےاندھیرے سے پہلے ضرور واپس آ جائیں۔
حالیہ عرصہ میں مارگلہ ہلز پر پانچ تیندوؤں کی موجودگی شواہد ملے ہیں جبکہ گذشتہ ہفتے میں تین بار تیندوا انسانی ٹریکس پر واک کرتا بھی دکھائی دیا ہے۔
آخری بار تیندوے کو 31 جنوری کو صبح 5 بجکر 37 منٹ پر دیکھا گیا، اسلام آباد وائلڈ لائف منیجمنٹ بورڈ کے کیمروں نے نایاب نسل کی مادہ تیندوے کی تصاویر محفوظ کر لیں۔
شہزادی نامی مادہ تیندوے کو ٹریل فور اور سِکس کے درمیان گزشتہ پانچ دنوں میں تین بار دیکھا گیا ہے جبکہ 2019 سے اب تک مارگلہ ہلز نیشنل پارک میں پانچ مختلف تیندوؤں کو دیکھا گیا۔
میڈیا پر تیندوے کی خبروں کے بعدچیئرمین اسلام آباد وائلڈ لائف منیجمنٹ بورڈ رانا سعید خان کا کہنا ہے کہ ٹریل فور کا گیٹ مغرب کے وقت بند کردیا جائے گا اور ٹریل 6 کا گیٹ جلد لگا دیا جائے گا۔
واضح رہے مارگلہ ہلز کے نیشنل پارک پر ہر روز سیکڑوں افراد بالخصوص غیر ملکی اور فیملیز بھی واک کرنے جاتی ہیں اور تیندوے کی خبر کے بعد واک کرنے والوں کی تعداد میں کمی کا خدشہ ہے.