کوروناوائرس،پاکستان فروری میں ویکسینیشن شروع کرے گا ،اسد عمر
فوٹو : سکرین گریب
اسلام آباد(زمینی حقائق ڈاٹ کام )پاکستان میں کورونا وائرس سے مزید 43 افراد جاں بحق ہوگئے ہیں جبکہ 2 ہزار 521 نئے مریض سامنے آئے ہیں، حکومت نے فروری تک ویکسینیشن شروع کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے.
نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر نے دعویٰ کیا ہے کہ رواں برس فروری مارچ تک ایک دو نہیں 3 کورونا ویکسین آ جائیں گی۔
اسد عمر نے کہا ہے کہ حکومت نے آکسفورڈ یونیورسٹی کی AstraZeneca ویکسین کی منظوری دے دی ہے اور اس کیلئے صوبوں کے علاوہ نجی طور پر بھی اسے درآمد کی اجازت ہوگی۔
دوسری طرف این سی او سی کے مطابق اب تک مجموعی طور پر اموات کی تعداد دس ہزار951 تک پہنچ گئی ہے، 24 گھنٹے کے دوران 41 ہزار 191 کوروناٹیسٹ کیے گئے.
مزید دو ہزار پانچ سو اکیس افراد میں کورونا میں مبتلا ہونے کی تصدیق ہوئی ہے، جس کے بعد مہلک وائرس سے متاثر ہونے والوں کی تعداد پانچ لاکھ انیس ہزار 291 ہو گئی.
صوبہ سندھ میں کورونا مریضوں کی تعداد سب سے زیادہ ہے جو 2 لاکھ 34 ہزار 654 تک پہنچ چکی۔ پنجاب ایک لاکھ 49 ہزار 222، خیبرپختونخوا 63 ہزار 339 ہے.
بلوچستان میں 18 ہزار 569 کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔ اسلام آباد 40 ہزار 19، گلگت بلتستان میں 4 ہزار 882 کیسز جبکہ آزاد کشمیر میں کورونا مریضوں کی تعداد 8 ہزار 606 ہو چکی ہے۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ فروری مارچ تک ایک دو نہیں بلکہ کورونا کی تین ویکسین پاکستان آ جائیں گی اور لگنا بھی شروع ہو جائے گی۔
انھوں نے بتایا کہ سب سے پہلے ویکسین لگانے کے لیے 3 لاکھ ہیلتھ ورکرز کی رجسٹریشن بھی کر لی گئی ہے، ویکسین بڑی عمر کے افراد کے لیے بھی دستیاب ہو گی۔