ملک بھر میں بجلی کا بڑا بریک ڈاؤن، بحالی کا کام جاری، عوام تحمل کریں، پاور ڈویژن
اسلام آباد (زمینی حقائق ڈاٹ کام) پاکستان بھر میں بجلی کا بڑا بریک ڈاؤن ہوگیا،کراچی، لاہور، اسلام آباد، پشاور، کوئٹہ سمیت متعدد شہروں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی ہے۔
تقریباً پورے ملک میں بجلی کی فراہمی رات پونے 12 بجے معطل ہوئی، نیشنل پاور کنٹرول سینٹر حکام کا کہنا ہے کہ سسٹم میں فنی خراب ہوئی ہے، فالٹ تلاش کرنے کی کوشش جاری ہے۔
پاکستان میں بیشتر شہروں اور دیہات میں اچانک بجلی کا بڑا بریک ڈاؤن ہوا ہے، بڑے بجلی گھروں جہلم، منگلا، تربیلا میں پاور پلانٹس بند ہونے کی وجہ سے سندھ ،پنجاب، بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں بجلی کانظام درہم برہم ہو گیا۔
بریک ڈاؤن کی وجہ سے کراچی، لاہور، اسلام آباد اور کوئٹہ سمیت کئی شہر تاریکی میں ڈوب گئے۔
وفاقی وزیر عمر ایوب اور ترجمان پاورڈویژن کے مطابق ‘فریکوئنسی اچانک 50سے 0 پر آنے سے بجلی کا بریک ڈاؤن ہوا’ بجلی کے ترسیلی نظام میں فریکوئنسی اچانک 50سے 0 پر آنے سے بجلی کا بریک ڈاؤن ہوا ہے۔
ترجمان پاورڈویژن کا کہنا ہے کہ فریکوئنسی گرنے کی وجہ جاننے کی کوشش کی جارہی ہے ، عوام سے تحمل کی اپیل ہے۔
ترجمان پاورڈویژن کے مطابق تمام ٹیمیں اس وقت اپنے اپنے اسٹیشن ہر پہنچ چکی ہیں ، وفاقی وزیر پاور عمر ایوب بجلی بحالی کے کام کی نگرانی کر رہے ہیں۔
حیدر آباد، مٹیاری، جام شورو، عمر کوٹ، میر پور خاص اور ٹھٹھہ، فیصل آباد، گوجرانوالہ، رحیم یار خان، بہاولپور کے علاوہ بلوچستان کے تقریباً تمام اضلاع میں بجلی کی فراہمی معطل ہے۔
کراچی کے تقریباً تمام علاقے ہی بجلی سے محروم ہیں، میٹروول، آئی آئی چندریگر روڈ، اولڈ سٹی ایریا، بفرزون، اختر کالونی، لیاری، ملیر، کھوکھرا پار، نارتھ کراچی، گلشن اقبال، یونیورسٹی روڈ، کلفٹن، ڈیفنس، اورنگی، صدر سمیت شہر کا 80 فیصد حصہ اندھیرے میں ڈوب گیا۔
لاہور میں سمن آباد، گلبر، دھرم پورہ، جوہر ٹاؤن ٹھوکر نیاز بیگ، رائے ونڈ، تاجپورہ، شادمان سمیت تقریباً پورا شہر اندھیرے میں ڈوبا ہوا ہے۔
حکومتی ذرائع کے مطابق نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی کی 500 کے وی کی مین ٹرانسمیشن لائن میں خرابی پیدا ہوگئی، جس کی وجہ سے ملک کے بیشتر حصوں میں بجلی کی فراہمی متاثر ہوئی، ایک سے ڈیڑھ گھنٹے میں بجلی بحال ہوجائے گی۔
وزیراعظم کے معاون خصوصی پولیٹیکل کمیونیکیشن شہباز گل نے ٹویٹر پیغام میں عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ اطمینان رکھیں، بڑی فنی خرابی کی وجہ سے بجلی معطل ہوئی ہے، افواہیں پھیلانے سے بھی گریز کیا جائے۔
کوئٹہ میں بجلی فراہم کرنے والے ادارے کیسکو کے حکام کا کہنا ہے کہ گدو سے کوئٹہ آنے والی بجلی کی مین ٹرانسمیشن لائن ٹرپ کرگئی، جس کے بعد کوئٹہ سمیت بلوچستان کے 30 اضلاع کو بجلی کی فراہمی معطل ہے