سال2020،قومی اسمبلی نے مشترکہ اجلاسوں سمیت 123 دن کام کیا
اسلام آباد(زمینی حقائق ڈاٹ کام)سال 2020 کے دوران قومی اسمبلی نے مشترکہ اجلاسوں سمیت 123 دن کام کیا،قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نےایوان زیریں کی کارکردگی رپورٹ جاری کردی.
قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے مطابق سال کے دوران 58 سرکاری بل اور 14 آرڈیننس پیش کیے گئے جبکہ 31 سرکاری بل قومی اسمبلی کے اجلاسوں کے دوران منظور ہوئے.
سال 2020 میں کووڈ-19 چیلنج کے باوجود ایوان زیریں معاشرتی اور معاشی چیلنجوں سے نمٹنے کے لئے فعال کردار ادا کرتا رہا، قومی اسمبلی نے سوالات اور قائمہ کمیٹیوں کے ذریعے سماجی و اقتصادی امور پر توجہ مزکور رکھی.
قومی اسمبلی میں 34 سرکاری اور 2 نجی ممبروں کے بل بھی ایکٹ بنے، نجی ممبران کی طرف سے 79 بل ایوان میں پیش کیے گئے جن میں سے 6 بل منظور کیے گئے.
سال کے دوران ، مختلف قومی اور بین الاقوامی امور پر 19 قراردادیں منظور کی گئیں، 6130 سوالات موصول ہوئے جن میں سے 891 سوالات کے جوابات قومی اسمبلی کے اجلاسوں کے دوران دیئے گئے.
قومی اسمبلی کو سال کے دوران استحقاق کے 74 سوالات بھی موصول ہوئے جن میں سے 2 خلاف قواعد قرار دئے گیے جبکہ 13 کو ضابطہ کار اور استحقاق سے متعلق قائمہ کمیٹی کے پاس بھیج دیا گیا.
بجٹ اجلاس کے دوران حکومت اور اپوزیشن کے ممبران نے 57 گھنٹے اور 08 منٹ عام بحث کی اسمبلی سیکرٹریٹ کو 342 توجہ دلاو نوٹس موصول ہوئے ، ان میں سے 79 کو ایوان میں پیش کیا گیا ، 60 توجہ دلاؤ نوٹسوں پر بحث ہوئی.
بجٹ کی منظوری میں 81 گھنٹے 33 منٹ خرچ ہوئے،ٹریژری سے 107 اور اپوزیشن بنچوں کے 101 ممبران نے بجٹ پر اظہار خیال کیا۔
پارلیمانی قیادت میں اتفاق رائے کے نتیجے میں کورونا وائرس سے متعلق ایک پارلیمانی کمیٹی تشکیل دی گئی، تاریخ میں پہلی مرتبہ خصوصی افراد سے متعلق پارلیمانی کمیٹی تشکیل دی گئی۔