نواز شریف اور مریم نواز کا خواجہ آصف کی گرفتاری پر سخت ردعمل

0

لندن(ویب ڈیسک)ن لیگ کے قائد نواز شریف نے کہا ہے کہ حکومت کے اندھے سیاسی انتقام کے دن گنے جا چکے ہیں، ان حرکتوں سے یہ اپنے انجام کو مزید قریب لا رہے ہیں۔

ٹویٹر پر مسلم لیگ ن کے پارلیمانی لیڈر خواجہ آصف کی گرفتاری پر ردعمل میں کہا کہ خواجہ آصف کی گرفتاری سلیکٹرز اور سلیکٹڈ کے گٹھ جوڑ کا انتہائی قابل مذمت واقعہ ہے۔

انھوں نے کہا کہ ایسی بھونڈی حرکتوں سے حکومتی بوکھلاہٹ کا اندازہ لگایا جاسکتا ہے۔ لیکن ان حرکتوں سے یہ اپنے انجام کو مزید قریب لا رہے ہیں۔ نوازشریف نے کہا کہ اندھے سیاسی انتقام کے دن گنے جا چکے ہیں۔

مریم نواز نے خواجہ آصف کی گرفتاری پرمیڈیا سے گفتگو میں کہا کہ خواجہ آصف کو گرفتارکیا گیا ہے۔اس طرح راتوں رات کسی کو اغواء کرنا وہ بھی اس کیس میں جس میں کوئی الزام ثابت نہیں ہوتا.

انھوں نے کہا کہ شکست کے خوف سے کانپتے اور لرزتے ہوئے فیصلے کیے جارہے ہیں، کیونکہ حکومت جانے کا خوف ان کے چہروں، پریس کانفرنس اور حرکات سے نظر آرہا ہے۔

حلفاً کہتی ہوں کہ خواجہ آصف نے مجھے 2باتیں بتائیں کہ انہوں نے مجھے بلایا اور کہا کہ نوازشریف کا ساتھ چھوڑ دیں، جس پر خواجہ آصف نے کہا کہ وفادار باپ کا بیٹا ہوں، میرے بال سفید ہوگئے ، عمر بھر کا ساتھ ہے، میری پارٹی متحد ہے.

مریم نواز کا کہنا تھا کہ خواجہ آصف نے کہا تھا کہ ہم بھی متحد ہیں، ہم نوازشریف کا ساتھ نہیں چھوڑ سکتے تو پھر نتائج بھگتنے کیلئے تیار رہیں، جس پر خواجہ آصف نے کہا کہ آپ جو مرضی کرلیں، میں ساتھ نہیں چھوڑوں گا۔

خواجہ آصف سے کہا گیا آپ کے کیسز چند دنوں میں ختم کردیے جائیں گے،خواجہ آصف نے کہا کہ میں نوازشریف کے بیانیئے سے پیچھے نہیں ہٹوں گا۔ خواجہ آصف کی گرفتاری نہیں اغواء ہے.

سپریم کورٹ اور ہائیکورٹس کہہ چکی ہیں نیب سیاسی انجیئرنگ کا ادارہ ہے۔سیاسی جوڑ توڑ کیلئے استعمال کیا جاتا ہے۔ عدلیہ سے کہوں گی قوم کو آپ سے امید ہے، آپ انصاف کی کرسیوں پر بیٹھے ہیں، قوم کوآپ سے انصاف کی امید ہے ۔

انھوں نے کہا کہ نیب عمران خان کا آلہ کار بن چکا ہے،جو لوگوں کو بغیر ثبوت گھروں سے اٹھالیتی ہے۔ اب عدالت کو چپ نہیں رہنا چاہیے، عدالت کو اب آگے بڑھ کر ظلم کر مٹانا چاہیے۔حمزہ شہباز سواسال سے جیل کی کوٹھری میں ہے۔

خواجہ آصف کی گرفتاری سے ہمیں ڈرایا نہیں جاسکتا، سب پارٹی رہنماء نوازشریف کے بیانیئے کے ساتھ کھڑے ہیں۔ ایسے ہتھکنڈے حکومت کو گھر لے کر جائیں گے۔پی ڈی ایم اس پر شدید ردعمل دے گی.

مریم نواز نے کہا وارننگ دیتی ہوں کہ مسلم لیگ ن اور پی ڈی ایم اس پر ردعمل دے گی، خواجہ آصف کو چھوڑنا پڑے گا، ورنہ معاملات کہیں سے کہیں جاسکتے ہیں۔

نوازشریف کی واپسی سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ میں بلاول بھٹو اور ان کی جماعت کے اعلامیہ آنے تک کوئی بیان نہیں دوں گی، کیوں کہ ہمیں پتا کہ میڈیا کو کون کنٹرول کرنا ہے، ذرائع سے خبریں پیپلزپارٹی نہیں کہیں او ر سے آتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نیب کو بجلی، ایل این جی ، بلین ٹری سونامی، آٹا چینی چورکیوں نظر نہیں آتے؟ نیب اندھی ہے یا نیب اتنے پریشر میں ہے ۔

جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ کے بارے میں بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان کی پارٹی میں شرارت کوئی اور لوگ کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جعلی حکومت کی کیا حیثیت کہ وہ نوازشریف کو واپس بلائے۔

ن لیگ کی نائب صدر نے کہا کہ پہلے نواز شریف کو بھیجنے کی، اب لانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ نواز شریف کے آنے کا وعدہ نہیں کیا تھا، مکمل صحتیاب ہو کر آئیں گے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.