عازمین حج و عمرہ کیلئے ڈیجیٹل کارڈز منصوبہ منظور
فوٹو : سبق ویب
ریاض(ویب ڈیسک) سعودی وزارت وزارت حج وعمرہ کی جانب سے آئندہ حج میں عازمین کو منظم خدمات فراہم کرنے کےلیے ڈیجیٹل کارڈز منصوبے کی حتمی منظوری دے دی ہے۔
سعودی وزارت حج و عمرہ کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ نئے جاری کیے جانے والے ڈیجیٹل کارڈ کا تجربہ گزشتہ سالوں کے دوران حج کے موقعہ پر کیا جا چکا ہے اور صرف 50 ہزار عازمین کو ڈیجیٹل کارڈز جاری کیے گئے تھے۔
ڈیجیٹل کارڈز کے ذریعے عازمین حج کے بارے میں تمام معلومات حاصل کی جا سکیں گی۔ ڈیجیٹل کارڈز ’این ایف سی‘ سسٹم کے تحت کام کریں گے جنہیں سکین کرکے تمام معلومات حاصل کی جاسکیں گی۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ تجرباتی مرحلے کا مقصد ڈیجیٹل کارڈز کی افادیت کو جانچنا تھا۔ کارڈز کے حوالے سے کامیاب تجربے کے بعد آئندہ حج میں اسے مکمل طور پر جاری کیاجائے گا۔
مجوزہ ڈیجیٹل کارڈز کے بارے میں سعودی وزارت کا کہنا ہے کہ نئے تیار کیے جانے والے کارڈز میں ’بارکوڈ‘ کے ذریعے عازم حج کے بارے میں مکمل معلومات حاصل کی جاسکیں گی.
ان معلومات میں عازم حج کی رہائش ، آمد و روانگی کا پروگرام ، مشاعر مقدسہ میں ان کے قیام کا مقام ، حج پرمٹ وغیرہ کے بارے میں کارڈ کو سکین کرکے معلومات حاصل کی جاسکیں گی۔
ڈیجیٹل کارڈ کے ذریعے مشاعر مقدسہ میں خودکار مشینوں کے ذریعے حجاج کے رہائشی خیموں کے بارے میں بھی آسانی سے معلوم کیا جا سکے گا۔نئے ڈیجیٹل کارڈز کے ذریعے غیر قانونی طور پر حج کے لیے جانے والوں کے بارے میں بھی آسانی سے معلوم ہوسکے گا۔