ہنزہ،4 دن تک جاری رہنے والی گلگت بلتستان کی یادگار شادی
فوٹو: سوشل میڈیا
ہنزہ(زمینی حقائق ڈاٹ کام) عوامی ورکرز پارٹی گلگت بلتستان کے چیئرمین 42 سالہ بابا جان کی شادی کے چرچے، شادی کی تقریبات 4 دن تک جاری رہیں.
شادی ہوئے کئی دن گزر چکے ہیں لیکن گلگت بلتستان میں ہونے والی اس شادی کو وادی کی سب سے بڑی شادی قرار دیا جا رہا ہےجو منفرد انداز میں چار دن بارونق رہی۔
شادی میں 24 گھنٹے لنگر جاری رہا اور تمام مہمانوں کی پرتکلف اور لذیذ کھانوں سے تواضع کی گئی، شادی میں مہمانوں کے اعزاز میں لگاتار 4 روز تک ثقافتی شو کا بھی اہتمام کیا گیا.
عوامی ورکرز پارٹی گلگت بلتستان کے چیئرمین بابا جان کی شادی غذر کے علاقے گچ سے تعلق رکھنے والی ہمت بیگم سے انجام پائی ہے جس میں ملک کے مختلف علاقوں کے لوگ شریک تھے۔
ہنزہ کے علاقے ناصر آباد میں شدید سردی اور برفانی ہوائیں بھی شادی کی رونقوں میں حائل نہ ہو سکیں، 4 روزہ تقریبات میں
ہزاروں افراد نے شرکت کر کے باباجان سے یکجہتی کا اظہار کیا.
شادی کی تقریب میں مقامی اہم شخصیات کے علاوہ رکن قومی اسمبلی محسن داوڑ، جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین توقیر گیلانی سمیت اہم سیاستدانوں نے شرکت کی۔
شادی میں ہر خاص و عام کو شرکت کی دعوت دی گئی تھی اور شادی پر ہونے والے تمام کے تمام اخراجات عوامی ورکرز پارٹی کے ان کارکنوں نے مشترکہ طور پر اٹھائے جنہوں نے بابا جان کی قید کے دوران ان کی رہائی کے لیے طویل جدوجہد کی۔
گلگت بلتستان میں پہلی بار کسی شادی میں میوزیشنز کے 8 مختلف گروپوں نے ایک ساتھ مقامی دھنوں کا سماں باندھا، اس موقع پر شرکاء نے دولہا کو بھی علاقائی رقص میں شامل کیا.
چار روزہ شادی میں ہر روز لوگوں کی بڑی تعداد شریک تھی اس کے باوجود عمدہ انتظامات اور مثالی مہمان نوازی کے اعتبار سے گلگت بلتستان کی تاریخ کی سب سے بڑی شادی بخیر و خوبی اختتام پذیر ہوئی.
واضح رہے عوامی ورکرز پارٹی گلگت بلتستان کے چیئرمین بابا جان 9 سال قید و بند کی صعوبتیں جھیلنے کے بعد حال ہی میں رہا ہوئے ہیں اس لئے ان کے چاہنے والوں نے شادی کو یادگار بنادیا.