فضل الرحمان خود سلیکٹڈ ہیں،پارٹی کو مورثی بنا کر علماء کو جھوٹ پر لگایا، مولاناشیرانی

0

کوئٹہ(زمینی حقائق ڈاٹ کام)جے یو آئی بلوچستان کے سابق امیر اور سینئر رہنما مولانا محمد خان شیرانی نے کہا عمران خان کوسیلکٹڈ کہنے والےمولانا فضل الرحمان خود سیلکٹڈ ہیں.

کوئٹہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا محمد خان شیرانی نے کہا کہ جو خود سلیکٹڈ ہیں وہ عمران خان کو کیسے سلیکٹڈ کہتے ہیں؟ انھوں نے کہا میرا ماننا ہےکہ جے یو آئی کسی کی ذاتی جاگیر نہیں، اگر کوئی ایسا سوچ رہاہے تو یہ اس کی خام خیالی ہے۔

انھوں نے کہا کہ میں اپنے ساتھیوں سے مشورہ کر کے بلوچستان کے تمام اضلاع میں پارٹی کے دفاتر قائم کروں گا، حافظ حسین احمد ہمارے پرانے، عقلمند اور سمجھدار ساتھی ہیں ، ہم سب کے ساتھ رابطے میں ہیں۔

انھوں نے کہا کہ پی ڈی ایم ذاتی مفادات کے لیے قائم ہوئی ہے میں نے بہت پہلے کہہ دیا تھا کہ عمران خان اپنے پانچ سال مکمل کرے گا، آنے والے پانچ سال بھی عمران خان کے ہی ہوں گے۔

محمد خان شیرانی نے کہا ہے کہ اپوزیشن اتحاد پی ڈی ایم میں شامل ہر جماعت کے اپنے مفادات ہیں، یہ غیر فطری اتحاد ہے جو بہت جلد ٹوٹ جائیگا کیونکہ ان کا کوئی نظریہ نظر نہیں آرہا، صرف کرسی تک پہنچنے کیلئے ہر کوئی بھاگ دوڑ میں مصروف ہے۔

مولانا محمد خان شیرانی نے کہا کہ پی ڈی ایم اور اسٹیبلشمنٹ ملک توڑنے کا ماحول بنانے کی سازش کررہے ہیں، وزیراعظم عمران خان اور ان کی حکومت کو پی ڈی ایم سے کوئی خطرہ نہیں، حکومت اپنی مدت پوری کرکے آئندہ الیکشن میں بھی کامیابی حاصل کر سکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم استعفے دینا چاہتی ہے تو دیر کس بات کی ہے، حکومتی پیشکش سے فائدہ اٹھاتے ہوئے عمرے کا ٹکٹ لیکر مکہ اور مدینہ کی زیارت کرے، یہ سب صرف عوام کو بے وقوف بنانے کیلئے کررہے ہیں.

ان کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم رہنما عدلیہ، الیکشن کمیشن اور میڈیا کی آزادی کی بات کرتے ہیں، کیا ان جماعتوں میں خود عدل، آزادی اور جمہوریت ہے۔

جے یو آئی کے سینئر رہنما نے کہا کہ ہم جے یو آئی پر قبضہ گیری اور اسے موروثی جماعت میں بدلنے کے خلاف ہیں، جس کی ہمیشہ جماعت کے اداروں میں اور اب کھل کر مخالفت شروع ہو چکی ہے، مولانا فضل الرحمان صاحب بذات خود ایک سلیکٹڈ ہیں، میرا ان سے بنیادی اور اصولی اختلاف جھوٹ بولنے پر ہے.

مولانا شیرانی نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان نے سارے علماء کو بھی جھوٹ پر لگا دیا، ہم فساد کے نام پر جنگ کے شروع سے ہی مخالف ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم اسرائیل کو تسلیم کرنے کے حامی ہیں، یہ ایک بین الاقوامی مسئلہ ہے، فلسطینیوں کو بیٹھ کر مسئلے کو حل کرنا چاہیے تو اس کا سب سے زیادہ فائدہ خود فلسطین کو ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں مہنگائی ایک حقیقت ہے لیکن اب آٹے چینی سمیت دیگر اشیاء کی قیمتوں میں کمی بھی آرہی ہے۔

مولانا محمد خان شیرانی نے کہا کہ خطہ میں جنگ امریکہ اپنے مفادات کیلئے لڑ رہا ہے قوم پرست اور اسلام پرست اس میں کیوں اپنے بچوں اور اہل و عیال کے قتال کا سبب بن رہے ہیں، دنیا اسلامی وحدت کی جانب بڑھ رہی ہے، علماء اور قوم پرست تفریق ڈالنے کی کوشش نہ کریں۔

انھوں نے کہا کہ کورونا کوئی مرض نہیں ہے یہ بھی نیو ورلڈ آرڈر کی تیاری ہے جس کا مقصد دنیا پر ایک مذہب کا راج قائم کرنا ہے، ہم مذہبی انتہا پسندی اور دہشت گردی کی مخالفت کرتے ہیں.

مولانا نے کہا اسلام میں اس کی کوئی گنجائش نہیں ہے، ہمیں اسلامی وحدت کے نام پر یکجا اور متحد ہونا پڑیگا اس کے علاوہ ہمارے پاس کوئی دوسرا آپشن نہیں ہے۔

واضح رہے جے یو آئی ف کے سینئر رہنما محمد خان شیرانی مسلم باغ میں پارٹی کے تربیتی کنونشن میں بھی مولانا فضل الرحمان پر پارٹی کو ہائی جیک کرنے اور پارٹی انتخابات میں خیانت کا الزام لگاتے ہوئے دوبارہ انتخابات کرانے کا مطالبہ کر چکے ہیں.

Leave A Reply

Your email address will not be published.