پی ڈی ایم آج لاہور میں عوامی طاقت کا مظاہرہ کرے گی

0

فوٹو: سوشل میڈیا

لاہور( زمینی حقائق ڈاٹ کام) اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ کا لاہور میں ممکنہ دہشتگردی الرٹ جاری ہونے اور کورونا وائرس کے باعث پابندیوں کے باوجود مینار پاکستان پر جلسہ آج ہو گا۔

گریٹر اقبال پارک میں پی ڈی اے منتظمین کی طرف سے ساونڈ سسٹم پر مسلم لیگ (ن) کے پارٹی نغمے اور ترانے بجائے جا رہے ہیں،مریم نواز نے جلسہ گاہ کا دورہ کرکے انتظامات کا جائزہ بھی لیا ، صحافیوں کے سوالات پر بتایا گہ وہ اور چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو ایک ساتھ جلسہ گاہ پہنچیں گے۔

جلسہ سے پی ڈی ایم سربراہ اور امیر جمعیت علمائے اسلام (ف) مولانا فضل الرحمن، پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری، پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز، اختر مینگل سمیت دیگر قائدین خطاب کریں گے۔

مینار پاکستان گراونڈ میں داخلے کے لئے 5 دروازے مختص کئے گئے ہیں، جن میں سے ایک دروازہ وی وی آئی پیز کے لئے مختص ہو گا، خواتین کے لئے بھی الگ داخلے کا راستہ اور انکلوژر بنایا جا رہا ہے۔ جلسے کی سیکیورٹی انصار الاسلام کے رضاکاروں اور شیر جوان فورس کے حوالے کی گئی ہے۔

جلسہ گاہ میں بجلی کی فراہمی کو بلا تعطل جاری رکھنے کے لیے جنریٹر پہنچادیئے گئے ہیں جبکہ روشنی کے لئے خصوصی کھمبے لگادیئے گئے ہیں جن پر لائٹیں نصب ہیں۔ پی ڈی ایم کے مرکزی قائدین کی تصاویر والے فلیکسز بھی گراونڈ میں آویزاں کر دئیے گئے ہیں۔

مرکزی اسٹیج کے عقب میں 20 فٹ اونچی اور 80 فٹ چوڑی مرکزی سکرین لگائی جارہی ہے۔ اس کے علاوہ جلسہ گاہ کے مختلف حصوں میں 10 فٹ اونچی اور 15 فٹ چوڑی 10 اسکرینز لگائی جائیں گی۔

پی ڈی ایم کے مینار پاکستان پر آج کے جلسے میں اہم اعلانات موقع ہیں جس کیلئے اپوزیشن جماعتوں کا اہم اجلاس دوپہر ڈیڑھ بجے طلب کیا گیاہے اجلاس میں اہم اعلانات پر مشاورت اور جلسہ کے لائحہ عمل پر تبادلہ خیال ہو گا۔ مرکزی رہنماوں کا اجلاس سابق سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی رہائشگاہ پر ہو گا۔

آج کے جلسہ کیلئے پی ڈی ایم کی طرف سے ہدایات نامہ بھی جاری کیا گیاہے جس میں کارکنوں سے کہا گیاہے کہ وہ قومی شناختی کارڈ ہمراہ رکھیں، موسم کے مطابق کارکن چادر، رومال اور مفلر ساتھ رکھیں، کارکنان چھتری، پانی کی بوتل جو پینے اور وضو کے کام آسکے پاس رکھیں، کارکنان مقامی قیادت سے رابطے میں رہیں اوراپنے گروپ سے الگ نہ ہوں۔

جلسے کے شرکاء موبائل چارجنگ کیلئے پاور بینک یا ڈبل بیٹری کا انتظام کریں، قانون کا احترام کریں، کارکنان پنڈال میں سیکیورٹی کی ذمہ دار انصار الاسلام تنظیم کیساتھ تعاون کریں، شرکاء توڑ پھوڑ، جلاؤ گھیراؤ سے اجتناب کریں۔تمام کارکنان ایک دوسرے کا احترام کریں اوربحث و تکرار سیگریزکریں۔

اُدھروزیر برائے قانون پنجاب راجہ بشارت نے کہا ہے کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے لاہور جلسے کی سیکیورٹی سے متعلق نیشنل کاؤنٹرٹیررازم اتھارٹی (نیکٹا) اور دیگر اداروں کی طرف سے الرٹ ہے جس سے پی ڈی ایم کی قیادت کو آگاہ کردیا گیا ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.