حج پر سبسڈی نہ دینے پر وزیر مذہبی امور حکومت سے ناراض
اسلام آباد (رضوان غلزئی) حج پر سبسڈی نہ دینے پر وزیر مذہبی امور نورالحق قادری حکومت سے ناراض ہو گئے ۔
وفاقی کابینہ کی جانب سے حج سبسڈی کی منظوری نہ ملنے پر نورالحق قادری اجلاس سے اٹھ کر چلے گئے اور حج پالیسی پر بریفنگ میں بھی شریک نہ ہوئے ۔
ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ کی اکثریت نے حج پر سبسڈی کی مخالفت کی، وزارت مذہبی امور نے فی حاجی 45 ہزار روہے سبسڈی کی تجویز دی تھی اور معاملے پر شرعی حیثیت پر اسلامی نظریاتی کونسل سے بھی اجازت لے رکھی تھی ۔
حکومتی زرائع کے مطابق حج پر سبسڈی کی مد میں حکومت کو تقریبا 16 ارب روپے کا خرچہ برداشت کرنا پڑتا تاہم وزراء کی مخالفت پر وزیراعظم عمران خان نے بھی سبسڈی کی مخالفت کی اور کہا کہ حج آپریشن کی نگرانی وہ خود کریں گے_
حکومت حجاج کی سہولت کے لیے انتظامات پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی ۔ یاد رہے کہ گزشتہ سال مسلم لیگ ن کی حکومت نے حج اخراجات میں اضافے کا بوجھ عازمین پر نہ ڈالنے کا فیصلہ کرتے ہوئے فی حاجی 45 ہزار روپے سبسڈی دی تھی _
تاہم پی ٹی آئی حکومت نے ڈالر کی قیمت اور ٹیکسز بڑھنے سے ایک لاکھ 46 ہزار کا اضافی بوجھ مکمل طور پر عازمین پر ڈالتے ہوئے کسی قسم کی سبسڈی نہ دینے کا فیصلہ کیا ہے ۔