مساجد کسی صورت بند نہ کی جائیں ،ایس او پیز پرعمل ہو،وزیراعظم
اسلام آباد( زمینی حقائق ڈاٹ کام)وزراعظم عمران خان نے کہا ہے مساجد کو کسی صورت بند نہ کیا جائے بلکہ مسجدوں میں کورونا ایس ا و پیز پر عمل درآمد ممکن بنایا جائے۔
وزیراعظم عمران خان سے اسلام آباد میں وفاقی وزیرمذہبی امور پیرنورالحق قادری نے نے ملاقات کی جس میں اس بات پر اتفاق کیا ہے کہ مساجد کو کسی صورت بند نہ کیاجائے ۔
پیرنورالحق قادری نے وزیراعظم سے کورونا کی صورتحال اور علماء و مشائخ کونسل کی تنظیم نو پر مشاورت کی ،وزیراعظم نے وزارت مذہبی امور کو کورونا کے حوالے سے علمائے کرام اور این سی او سی کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہنے کی ہدایت کی ۔
انہوں نے وزارت مذہبی امور کو ہدایت کی کہ علماء و مشائخ کو کورونا کے پھیلاؤ کے اعدادوشمار کی فراہمی یقینی بنائیں تاکہ خطبات میں کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کی تاکید منبر کے ذریعے ممکن ہوسکے ۔
دوسری طرف وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ دنیا میں کورونا سے نبردآزما ہونے کیلئے 10 نکاتی پلان عمران خان کی قائدانہ صلاحیتوں کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
اپنے ٹویٹرپیغام میں انہوں نے کہا کہ غریب ممالک کیلئے 500ارب کے فنڈ کا قیام، غریب ممالک کے قرض کی معافی، کرپٹ سیاستدانوں اور مجرموں سے لوٹی دولت کی واپسی کے لئے وزیراعظم کا واشگاف اظہار درحقیقت غریب کی آواز ہے۔
انھوں نے کہا کہ عمران خان واحد لیڈر ہیں جو ہر کورونا متاثرہ ملک کے لئے مساوی ویکسین کی فراہمی کی بات کررہے ہیں۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ کرونا کی پہلی لہر میں پاکستان کی کامیاب حکمت عملی آج دنیا کے لیے باعث تقلید ہے۔