صدر،وزیراعظم سے چینی وزیر دفاع کی ملاقات،وائے فینگ کو نشان امتیاز ملٹری عطا کیا
اسلام آباد( زمینی حقائق ڈاٹ کام)وزیراعظم عمران خان اور چینی وزیر دفاع وئی فینک کے درمیان ملاقات ہوئی ہے اور اس ملاقات میں ملنے کااندازہ جدید اور کورونا کے خوف سے بھر پور تھا۔ یعنی یہ نئے مزاج کا شہر ہے یہاں فاصلوں سے ملا کرو۔
اسلام آباد میں ہونے والی اس ملاقات میں وزیراعظم اور چینی وزیر دفاع کے مصافحے کے لیے اپنائے گئے دلچسپ انداز کی تصویر بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہے۔
اس موقع پر وزیراعظم عمران خان اور چینی وزیر دفاع نے دلچسپ انداز میں مصافحہ کیا۔عمران خان اور وئی فینگ ہی نے ہاتھ ملانے کے بجائے بازو ٹکرا کر خوش آمدید کہا۔
ملاقات میں دو طرفہ تعلقات کی مزید مضبوطی سمیت دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، ملاقات کے دوران اعلیٰ سول اور عکسری حکام بھی موجود تھے۔ملاقات میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیر دفاع پرویز خٹک اور سیکرٹری خارجہ نے بھی شریک ہوئے۔
چینی وزیر دفاع نے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے بھی ملاقات کی جس میں دونوں ممالک کے باہمی مفاد کیلئے دوستی کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا ۔ صدر مملکت نے کہاکہ چین کے ساتھ دوستی پاکستان کی خارجہ پالیسی کا اہم ستون ہے۔
صدر عارف علوی نے کہاکہ پاکستان خطے کو درپیش سیکیورٹی چیلنجوں کا مقابلہ کرنے کیلئے چین کے ساتھ تعلقات کو مزید مستحکم کرنا چاہتا ہے ، پاکستان ون چائنہ پالیسی ، تائیوان ، تبت ، سنکیانگ اور بحیرہ جنوبی چین پر چین کی حمایت کرتا ہے۔
صدر عارف علوی نے کہاکہ بھارتی بالادستی کے عزائم سے علاقائی امن و استحکام کو خطرہ لاحق ہے۔ انہوں نے کہاکہ بھارت بلوچستان میں دہشت گردی کی سرگرمیوں ملوث اور چین پاکستان اقتصادی راہداری کو سبوتاژ کرنا چاہتا ہے۔
عارف علوی نے چین کی معاشی ترقی اور چینی حکومت کے کورونا وبا کے خلاف اقدامات کی تعریف کی،صدر عارف علوی نے مسئلہ کشمیر اور اس پر سلامتی کونسل کا اجلاس بلانے پر چینی حمایت کی تعریف کی، دونوں ممالک کے مابین دفاعی تعاون کو مزید وسعت دینے پر زور دیا ۔
چین کے وزیر دفاع جنرل وائے فینگ کو نشان امتیاز ملٹری عطا کیا گیا ہے۔عسکری ایوارڈ دینے کی پروقار تقریب ایوان صدر اسلام آباد میں ہوئی۔