گھریلو اور صنعتی شعبے کیلئے گیس لوڈ شیڈنگ نہ کرنے کا اعلان
اسلام آباد(زمینی حقائق ڈاٹ کام)حکومت نے موسم سرما میں گھریلو اور صنعتی شعبے کے لیے گیس لوڈ شیڈنگ نہ کرنے کا اعلان کردیا ہے.
اس حوالے سے وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر کی زیر صدارت کابینہ کمیٹی برائے توانائی کا اجلاس ہوا جس کا اعلامیہ بھی جاری کیا گیا۔
جاری کردہ اعلامیہ میں کہا گیا کہ کمیٹی نے پیٹرولیم ڈویژن کو ہدایت دی کہ گھریلو اور صنعتی شعبے کو بلاتعطل گیس کی فراہمی ممکن بنائی جائے۔
پیٹرولیم ڈویژن نے موسم سرما میں گیس کی لوڈ منیجمنٹ پر غور کیا گیا اور سیزن کے لیے اضافی گیس کے حصول کا معاملہ بھی پیش کیا، پیٹرولیم ڈویژن نے آر ایل این جی کے استعمال کا پلان بھی پیش کیا۔
بتایا گیا ہے کہ کمیٹی نے پیٹرولیم ڈویژن سے گھریلو آلات کے لیے توانائی ایفی شنسی پروگرام طلب کرلیاہے۔
وزارت کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق گھریلو اور برآمدی صنعت کے لیے موسم سرما میں گیس کی لوڈ شیڈنگ نہیں کی جائے گی۔
کمیٹی کی جانب سے پیٹرولیم ڈویژن کو ہدایت دی کہ گھریلو اور صنعتی شعبے کو بلا تعطل گیس کی فراہمی ممکن بنائی جائے اور کمیٹی نے کمپریسر کے ذریعے گیس چوری روکنے کی بھی ہدایت جاری کی۔
مزید برآں کمیٹی نے آئی پی پیز سے ہونے والے معاہدوں کی توثیق کی منظوری بھی دی
دوسری جانب میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا کہ آئندہ چند ہفتوں میں گیس بحران کے مزید شدت اختیار کرنے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
سردیوں میں اضافے کے ساتھ گیس کا شارٹ فال ڈھائی ارب مکعب فٹ یومیہ تک ہونے کا خدشہ ہے ، جبکہ مجموعی طور پر پاکستان میں شدید سردیوں میں گیس کی طلب 7 ارب مکعب فٹ یومیہ تک پہنچنے کا امکان ہے.
اس وجہ سے ملک میں گیس بحران 20 دسمبر سے 21 جنوری کے دوران شدت اختیار کر سکتا ہے ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق حکومت نے اس بحران سے نمٹنے کے لیے اضافی ایل این جی کی درآمد یقینی بنانے کے لیے اقدامات شروع کردیے ہیں۔