ضدی ٹرمپ نے شکست تسلیم کر لی، قانونی جنگ بھی جاری رکھنے کا فیصلہ

0

واشنگٹن : شکست تسلیم کرنے سے انکار کرنے والے ضدی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بالآخر انتخابات میں اپنی شکست تسلیم کرلی اور نومنتخب صدر جو بائیڈن کو اقتدار کی منتقلی کے لئے ضروری آئینی اقدامات کی ہدایت کردی.

ڈونلڈ ٹرمپ نے ٹوئٹر پر بیان میں کہا ہے کہ وہ ایک اہم وفاقی ایجنسی کو اقتدار کی منتقلی کے حوالے سے ضروری اقدامات کرنے کی ہدایات دے چکے ہیں.

دوسری طرف امریکی حکومت کے انتظامی امور کے ذمہ دار ادارے جنرل سروسز ایڈمنسٹریشن (جی ایس اے) نے صدارتی انتخابات میں جو بائیڈن کی کامیابی تسلیم کرتے ہوئے سرکاری نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے.

صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی جی ایس اے کو انتقالِ اقتدار کی تیاری شروع کرنے کی ہدایت کے ساتھ ہی مزاحمت جاری رکھنے کا اعادہ کیا ہے جی ایس اے کی ایڈمنسٹریٹر ایمیلی مرفی نے نومنتخب صدر جو بائیڈن کو ایک خط لکھا ہے.

خط میں انہوں نے کہا ہے کہ صدارتی انتخاب میں جوبائیڈن کی فتح تسلیم کرنے کا فیصلہ انہوں نے قانون اور دستیاب شواہد کی بنیاد پر آزادانہ طور پر کیا ہے.

مرفی نے اپنے خط میں کہا ہے کہ ان پر یہ فیصلہ کرنے کے لیے وائٹ ہاﺅس یا اور کسی ادارے کے ذمے دار کی جانب سے بالواسطہ یا بلاواسطہ کوئی دباﺅ نہیں تھا.

حکام کے مطابق ایمیلی مرفی نےجو بائیڈن کی کامیابی تسلیم کرنے کا فیصلہ بظاہر ان ریاستوں کے ووٹس چیلنج کرنے کی صدر ٹرمپ کی کوششوں کی ناکامی کے بعد کیا ہے جہاں دونوں امیدواروں کے درمیان کانٹے کا مقابلہ تھا.

ریاست مشی گن کے الیکشن حکام نے پیر کو ہی انتخاب میں جو بائیڈن کو باضابطہ طور پر فاتح قرار دیا ہے صدر ٹرمپ کی انتخابی مہم نے دیگر کئی ریاستوں کی طرح مشی گن میں بھی دھاندلی کے الزامات لگائے تھے.

ریاست پنسلوینیا کی اعلی عدالت نے بھی ری پبلکن امیدوار کی دھاندلی اور ڈاک کے ذریعے ڈالے گئے ووٹوں کو گنتی سے نکالنے کے لیے دائر درخواست کو مسترد کردیا تھا.

جی ایس اے کی سربراہ ایمیلی مرفی کا خط منظرعام پر آنے کے تھوڑی ہی دیر بعد صدر ٹرمپ نے ٹوئٹر پر اعلان کیا کہ انہوں نے ملک کے مفاد میں جی ایس اے کی ایڈمنسٹریٹر ایمیلی مرفی اور ان کی ٹیم کو ہدایت کی ہے.

ٹرمپ نے کہا کہ وہ انتقالِ اقتدار سے متعلق جو قواعد و ضوابط ہیں اس پر کام شروع کر دیں ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے اپنی ٹیم کو بھی کہا ہے کہ وہ بھی ایسا ہی کریں.

خیال رہے کہ ایمیلی مرفی کی تعیناتی ٹرمپ نے ہی بطور صدر کی تھی اور انہیں صدر کی ٹیم کے اہم اور بااثرلوگوں میں شمار کیا جاتا ہے.

ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک اور ٹوئٹ میں کہا کہ وہ قانونی جنگ پوری شدت سے جاری رکھیں گے اور انہیں یقین ہے کہ وہی کامیاب ہوں گے.

Leave A Reply

Your email address will not be published.