شمالی وزیر ستان میں سکیورٹی فورسز کی کارروائی،4دہشتگرد ہلاک
فوٹو: فائل
راولپنڈی( زمینی حقائق ڈاٹ کام)سکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان میں دہشتگردوں کے خفیہ ٹھکانے پر کارروائی کی ہے جس کے نتیجے میں 4 دہشتگرد ہلاک ہو گئے ہیں ۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس اطلاع پر دریائے کیتو کے قریب اسپن وام کے علاقے میں کارروائی کی جس میں فائرنگ کے تبادلے میں ایک سپاہی صدام نے جام شہادت نوش کیا۔
سپاہی صدام کا تعلق کرک سے تھے ۔ فائرنگ کے تبادلے میں دو جوان زخمی بھی ہوئے ۔ آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز علاقے کو گھیرے میں لے رہی تھیں کہ دہشتگردوں نے فائرنگ شروع کردی۔
سکیورٹی فورسز کی جوابی کارروائی میں چاروں دہشتگرد مارے گئے ،شمالی وزیرستان میں انٹیلی جنس بنیاد پر آپریشن گزشتہ رات کیا گیا اور علاقے میں دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کارروائی کی گئی۔
واضح رہے کہ دو روز قبل دہشتگردوں نے پاش زیارت کے قریب فوجی چوکی پر حملہ کیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسزکی چوکی پر فائرنگ کے فوری بعد پاک فوج نے جوابی کارروائی کی ۔
دہشتگردوں سے فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے دو جوان شہید جبکہ ایک زخمی ہو گیا۔ شہدا میں 32 سالہ حوالدار مطلوب اور 25 سالہ سپاہی سلیمان شوکت شامل تھے۔