تمام جماعتیں لوٹوں کو خیر باد کہہ دیں،مریم نواز، جلسوں پر پابندی مسترد

0

اسلام آباد(ویب ڈیسک)اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ نے حکومت کی طرف سے جلسوں پر عائد پابندی کے فیصلے کو مسترد کرتے ہوئےشیڈول کے مطابق جلسے کرنے کا اعلان کیا ہے۔

یہ اعلان پی ڈی ایم کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا گیا، مولانا فضل الرحمان، مریم نواز اور دیگر رہنما بھی شریک تھے جب کہ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور سردار اختر خان مینگل نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔

اپوزیشن اتحاد کے اعلامیے کے مطابق سربراہ اجلاس میں 12 نکاتی میثاق پاکستان پر اتفاق کیا گیا جس کے مطابق وفاقی، اسلامی، جمہوری، پارلیمانی آئین پاکستان کی بالادستی اور عمل داری اور پارلیمنٹ کی خود مختاری یقینی ہو۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ جلسوں پر پابندی کے فیصلے مسترد کرتے ہیں، ہمارے جلسے و جلوسوں کا انعقاد اپنے طے شدہ وقت اور دن کے مطابق کیا جائے گا، ہمیں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کی آڑ میں یہ پابندی قبول نہیں۔

انھوں نے نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم نے گلگت بلتستان کے انتخابات کے نتائج کو مسترد کردیا جس میں سرکاری وسائل کو استعمال کیا گیا، سپریم کورٹ نے جو شفاف الیکشن کی ہدایات دی تھیں اس پر عمل نہیں کیا گیا۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ پی ڈی ایم نے اپنی تحریک کے بنیادی اصول اور مقاصد وضح کرلیے ہیں، ہم سیاست سے اسٹیبلشمنٹ اور خفیہ اداروں کے کردار کا خاتمہ چاہتے ہیں.

انھوں نے کہا کہ انتہا پسندی اور دہشت گردی کے خاتمے پر سب پارٹیوں کا اتفاق رائے ہے، ہم مہنگائی اور بے روزگاری کا خاتمہ چاہتے ہیں۔

سربراہ پی ڈی ایم نے مزید کہا کہ پی ڈی ایم حکومت کے خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھے گی، ہم حکومت سے کسی قسم کے مذکرات نہیں چاہتے کیوں کہ یہ عوام کی نمائندہ جماعت نہیں ہے.

مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کا کہنا تھا کہ ساری جماعتوں کی پالیسی ہونی چاہیےکہ ہم لوٹوں کوخیربادکہہ دیں۔ کسی کا لہجہ نرم کسی کا سخت ہوتا ہے مگر مؤقف ایک ہی ہوتا ہے۔

گلگت بلتستان کے انتخابات کے حوالے سے مریم کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان کے الیکشن کا نتیجہ 48 گھنٹے پہلے معلوم ہوگیا تھا، نتائج کا اندازہ تھا مگر حکومت کو بے نقاب کرنے گئی تھی۔

انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان میں اکثریت نہ ملنے پر حکومت کو شرم سے منہ چھپالیناچاہیے، سلیکٹرز کے ساتھ مل کر دھاندلی کی، ن لیگ کے امیدوار توڑے جن میں 2 سابق وزیر اور اسپیکر شامل ہیں۔

اس سے پہلے اسلام آباد میں اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد پی ڈی ایم کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں پی ڈی ایم نے چارٹر آف پاکستان تیار کرنے کے لیے 5 رکنی کمیٹی تشکیل دے دی۔

کمیٹی میں احسن اقبال، شیری رحمان، رضا ربانی، خرم دستگیر اور مرتضی کامران شامل ہیں۔

اجلاس حکومت مخالف تحریک اور گلگت بلتستان انتخابات کے بعد پیدا ہونے والی صورت حال پر غور کرنے کے لیے بلایا گیا تھا جس میں مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کی ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت متوقع تھی تاہم طبیعت خرابی کے سبب انہیں اسپتال منتقل کردیا گیا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.