پی ٹی آئی رہنما کی تعیناتی ، میڈیادباوپر نوٹیفکیشن منسوخ
فوٹو: فائل
لاہور(ویب ڈیسک) پنجاب حکومت کو پی ٹی آئی کے ضلعی انفارمیشن سیکرٹری نوید اسلم کو ادارہ تحفظ خواتین کا ڈسٹرکٹ کوآرڈینیٹر بنانے کے بعد میڈیاکے دباو میں تعیناتی کا نوٹیفکیشن منسوخ کرنا پڑ گیا۔
نوید اسلم کو ادارہ تحفظ خواتین کے ڈسٹرکٹ کوآرڈینیٹر کے عہدے پر تعیناتی کی خبر ملتے ہی میڈیا پر نوید اسلم کی طرف سے خاتون سینئر پوسٹ ماسٹر کو تھپڑ مارنے کی خبریں چلنا شروع ہو گئیں۔
ساہیوال میں خاتون کو تھپڑ مارنے پر نوید اسلم کے خلاف مقدمہ بھی درج ہوا اور میڈیارپورٹس کے مطابق نویداسلم اب بھی اسی کیس میں عبوری ضمانت پر ہیں۔
اس سے قبل نویداسلم کی بطور ڈسٹرکٹ کوآرڈینیٹر تعیناتی کے فیصلہ پرساہیوال پوسٹ آفس کی سینیئر پوسٹ ماسٹر خاتون آفیسر صوفیہ قاسم نے مایوسی کا اظہار کیا تھا۔
ردعمل میں ان کا کہنا تھا کہ وہ انصاف کے لیے حکام سے رجوع کر سکتی ہیں کیونکہ نوید اسلم سیاسی پوزیشن کو استعمال کرکے مختلف طریقوں سے ان کے کیس پر اثر انداز ہو رہا ہے۔
صوفیہ قاسم نے کہا کہ پنجاب حکومت سے گزارش ہے کہ نوٹیفکیشن پر نظر ثانی کرے اور یہ عہدہ کسی اچھی شہرت والے شخص کو ملنا چاہیے کیونکہ
جو شخص خود خواتین پر تشدد کر رہا ہو وہ عورتوں کو تحفظ کیسے دے سکتاہے۔