حافظ حسین احمد نواز شریف کیخلاف بیان پر پارٹی عہدے سے برطرف

0

فوٹو: فائل

اسلام آباد(ویب ڈیسک)جے یو آئی ف کے سینئر رہنما حافظ حسین احمد کو نواز شریف کیخلاف بیان دینے پر پارٹی ترجمان کے عہدے سے ہٹا دیا گیا ہے۔

حافظ حسین احمد نے ٹی وی چینل پر گفتگو کرتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کیخلاف بیان دیا تھا جس پر جے یو آئی رہنما حافظ حسین احمد کیخلاف ان کی جماعت کی جانب سے ایکشن لیا گیا ہے۔

پی ڈی ایم جلسوں میں پاک فوج کیخلاف سخت بیانات دیے جانے کے بعد جمعیت علماء اسلام ف کے اہم رہنما حافظ حسین احمد نے سابق وزیراعظم نوازشریف کو آستین کا سانپ کہہ دیا تھا۔

انہوں نے کہا تھا کہ میں اس ملک کا رہنے والا ہوں، یہ ملک ہے تو ہم ہیں، ہم یہ سمجھتے ہیں کہ ہر چیز کی ایک ریڈ لائن ہوتی ہے، ایک حد ہوتی ہے، ہم یقیناً اس وقت اس مقام پر پہنچ چکے ہیں کہ سابق وزیراعظم نے وہ حد کراس کرلی۔

حافظ حسین احمد نے کہا تھا کہ ماضی میں جب پہلے نوازشریف لندن میں بیٹھے تھے، جس وقت قاضی حسین احمد بھی اس وقت زندہ تھے، اس وقت وزیراعظم عمران خان کو بھی بلایا گیا ۔

اس وقت صرف تحریک انصاف کے چیئرمین تھے اور طے پایا کہ پریز مشرف کی حکومت کے زیر نگرانی الیکشن کا بائیکاٹ کیا جائے گا، باقی تمام جماعتوں کو نوازشریف نے بائیکاٹ پر لگادیا، لیکن خود نوازشریف نے اپنا موقف بدل لیا۔

حافظ حسین احمد نے مزید کہا کہ پی ڈی ایم کی تحریک کا مقصد مڈٹرم الیکشن، جمہوریت اور آئین کی بحالی تھا۔ اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد کیلئے پی ڈی ایم عمران خان کی حکومت کیخلاف تشکیل دی گئی تھی۔ لیکن پی ڈی ایم کو نوازشریف نے ہائی جیک کرلیا ہے۔

انھوں نے واضح کہا تھا کہ پی ڈی ایم میں شامل باقی 10 پارٹیوں کے لیے نوازشریف کی تقاریر لمحہ فکریہ ہے حافظ حسین احمد نے نواز شریف کی تقاریر پر تحفظات کااظہار کیا تھا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.