حق خود ارادیت ملنے تک کشمیریوں کا ساتھ دیں گے، وزیراعظم
فوٹو: فائل
اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج پیلٹ گنوں کا استعمال اور مکانات کو نذر آتش کررہی ہے، عالمی برادری گواہ ہے کہ بھارت ہر حربہ آزما کر بھی کشمیری عوام کے خود ارادیت کی جدوجہد کو ختم کرنے میں ناکام ہے۔
یوم یکجہتی کشمیر اور یوم سیاہ پر پیغام میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کشمیر پر بھارتی قبضے کے 73 سال مکمل ہوگئے انھوں نے کہاہم ایک بار پھرکہتے ہیں کشمیری عوام کو انصاف ملنے تک ان کی سفارستی ، سیاسی اور اخلاقی حمایت جاری رکھیں گے۔
عمران خان نے کہا کہ ہم یہ دن بھارتی غیرقانونی قبضے کی مذمت کرنے کے لیے منا رہے ہیں، آج کے دن ہم کشمیری عوام کی مکمل حمایت کا اعادہ کررہے ہیں، یوم یکجہتی کشمیر انسانی تاریخ کے ایک تاریک باب کو اجاگر کرتا ہے۔
انھوں نے کہا آج کے دن بھارتی افواج کشمیری عوام کو زبردستی محکوم بنانے سری نگر پہنچی، جموں و کشمیر پر بھارت کا غیرقانونی قبضہ ایک بین الاقوامی تنازع ہے اور اس تنازع کا حل اقوام متحدہ کے چارٹر اور سلامتی کونسل کی قراردادوں میں ہے،بھارت کشمیری عوام کا عزم توڑنے میں ناکام رہا۔
وزیراعظم عمران خان نے کہا بھارت کی یک طرفہ کارروائیاں آر ایس ایس سے متاثر ہندوتوا سوچ کی عکاسی ہیں، مقبوضہ کشمیر میں فوجی محاصرے اور 5 اگست کے یک طرفہ اقدام نے ہندوتوا نظریہ کو بے نقاب کیا، ہندوتوا نظریے اور اکھنڈ بھارت ڈیزائن کا امتزاج علاقائی امن و استحکام کے لیے خطرہ ہے۔
ہندوستان ریاستی دہشت گردی، بے گناہ کشمیریوں کا ماورائے عدالت قتل، آزادی اظہار رائے پر پابندیوں میں ملوث ہے، جعلی مقابلوں، حراست میں تشدد اور موات ، کشمیری قیادت کی نظربندیوں کے واقعات کی دنیا گواہ ہے۔
انھوں نے کہا مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج پیلٹ گنوں کا استعمال اور مکانات کو نذر آتش کررہی ہے، عالمی برادری گواہ ہے کہ بھارت ہر حربہ آزما کر بھی کشمیری عوام کے خود ارادیت کی جدوجہد کو ختم کرنے میں ناکام ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ جموں و کشمیر تنازع کی بین الاقوامی قانونی حیثیت اقوام متحدہ کی قراردادوں میں شامل ہے،
ممبر ممالک کی اجتماعی ذمہ داری ہے کہ وہ بھارت سے اپنی بین الاقوامی ذمہ داریوں کی تعمیل کو یقینی بنائے، عالمی برادری ہندوستان کو ریاستی دہشت گردی کے ذریعے خطے کو غیر مستحکم کرنے کی کوشش سے روکے۔
انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق تنازع کے پرامن حل کے لیے کام کرے، یہ واحد راستہ ہے جو جنوبی ایشیا میں پائیدار امن اور استحکام کو یقینی بنا سکتا ہے۔
عمران خان واضح کیا کہ پاکستان کشمیری عوام کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑا رہے گا اور حق خود ارادیت کے حصول تک کشمیری بہن بھائیوں کی ہر ممکن مدد جاری رکھے گا۔