بلوچستان میں خفیہ اداروں نے دہشتگردی کا منصوبہ ناکام بنا دیا
کوئٹہ(ویب ڈیسک) پاکستان کے خفیہ اداروں نے بلوچستان میں کامیاب آپریشن کرتے ہوئے دہشتگردی کا منصوبہ ناکام بنا دیا۔
کالعدم تحریک طالبان کی جانب سے قمر دین کاریز میں چھپائے گئے باروردی مواد کا بڑا ذخیرہ برآمد کر لیا،ذرائع کے مطابق یہ بارودی مواددہشتگردی میں استعمال کیا جانا تھا۔
انٹیلی جنس اداروں اور سیکورٹی فورسز نے خفیہ معلومات کی بنیاد پر بلوچستان کے علاقے قمردین کاریز آپریشن کیا، سیکورٹی فورسز نے کارروائی کالعدم تحریک طالبان پاکستان کی جانب سے بارودی مواد ذخیرہ کیے جانے کی معلومات پر کی۔
کامیاب کارروائی کے نتیجے میں برآمد کیے جانے والے بارودی مواد میں 6 سے 8 کلوگرام وزنی 8 تیار بارودی سرنگیں شامل ہیں جبکہ بارودی سرنگوں میں استعمال ہونے والے ڈیٹونیٹرز، بال بیرنگز، تاریں اور ریمورٹ سے بھرا بیگ بھی برآمد کیا گیا۔
بلوچستان میں دہشت گرد حملوں کے لئے ممکنہ طور پر یہ بارودی مواد حال ہی میں غدوانا کے علاقے کے ذریعے افغانستان سے لایا گیا، جسے ژوب اور کوئٹہ میں دہشت گردی کی کارروائیوں کے لئے استعمال کیا جانا تھا۔
اس کے علاوہ دیسی ساختہ بم بنانے والے سامان سے بھرا تھیلا بھی ملا ہے جب کہ ریموٹ، ڈیٹونیٹرز، بال بیرنگ اور تاریں بھی شامل تھیں،
ذرائع کے مطابق دھماکا خیز سامان ممکنہ طور پر افغانستان سے پاکستان لایا گیا تھا ۔