حکمران اب ہم سے این آر او مانگ رہے ہیں، مولانا، بلاول

0

فوٹو: فائل

لاہور(زمینی حقائق ڈاٹ کام)پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو اور پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ اپوزیشن نہیں
اب حکمران ہم سے این آراو مانگ رہے ہیں لیکن ہم انہیں این آر او نہیں دے رہے ہیں۔

گوجرانوالہ روانگی سے قبل لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جے یو آئی ف کے سربراہ کا کہنا تھا کسی سے ذاتی دشمنی نہیں ہے، تحریک کا آغاز آج گوجرانوالہ سے ہو گا کیونکہ موجودہ پارلیمنٹ منتخب پارلیمنٹ نہیں ہے۔ موجودہ پارلیمنٹ عالمی اسٹیبلشمنٹ کی سازشوں سے آئی ہے جس کی وجہ سے عوام معاشی مشکلات کا شکار ہیں۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا ہم ایک ناجائز پارلیمنٹ کو ہٹانے کے لیے نکلے ہیں، موجودہ حالات سے اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ حکومت کو دسمبر نصیب نہیں ہو گا، بات اب ان ہاؤس تبدیلی سے آگے نکل گئی ہے، ملک میں عام انتخابات ہونے چاہئیں اور عوام کو اپنے رہنما خود منتخب کرنے کا حق ہونا چاہیے۔

جے یو آئی کے سربراہ نے کہا پی ڈی ایم میں عہدوں کے لیے نہیں بلکہ مقصد کے لیے اس تحریک کا حصہ ہیں۔ ہمارا ابھی رکاوٹوں سے سامنا نہیں ہوا اور ہو گا بھی نہیں۔ جتنا سیاسی عمل کو طاقت ور بنائیں گے اتنا ہی فرقہ واریت تحلیل ہو گی۔ سیاسی عمل ہی فرقہ واریت کو کنٹرول کرسکتا ہے، نفرتوں سے خون خرابا ہو گا اور پشیمانی کے سوا کچھ نہیں ملے گا۔

ادھر لالہ موسیٰ میں بلاول بھٹو زرداری نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا عمران خان تو کہتے تھے کہ اپوزیشن اگر جلسہ کرے گی تو جلسے کے لیے کنٹینر بھی میں فراہم کروں گا لیکن ان سے تو ایک جلسہ بھی برداشت نہیں ہو رہا۔ آج کارکنوں کے راستے روکے جا رہے ہیں اور رہنماؤں کو گرفتار کیا جا رہے، کارکنوں پر ظلم اور ان کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہیں۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ عمران خان چاہتے ہیں کہ پارلیمان ان کی جلسہ گاہ بن جائے لیکن عمران خان کان کھول کر سن لیں کہ وہ عوام کے جذبات کو قید نہیں کر سکتے، پاکستان کے عوام غلام نہیں آزاد شہری ہیں، انہیں (عمران خان) کو عوام کے مینڈیٹ اور عوام کی طاقت کو ماننا پڑے گا۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ گجرانوالہ میں پاکستان کے عوام کا سمندر جواب دے گا کہ اب اس کٹھ پتلی، نالائق اور سلیکٹڈ حکومت کو جانا ہو گا۔
عوام کے مسائل کے حل کے لیے جمہوریت کی بحالی ضروری ہے ا میدہے کہ عمران خان عوام کے مطالبے پر ملک میں جمہوریت بحال کریں گے۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ ملکی بقا کی جدو جہد ہم تین نسلوں سے لڑ رہے ہیں لیکن 70 سال سے جمہوریت کو چلنے ہی نہیں دیا جا رہا، جمہوریت کی بقا شفاف اور غیر جانبدارانہ الیکشن میں ہے جس کے لیے پاکستان کی تمام بڑی جماعتیں ایک طرف اور عمران خان دوسری طرف کھڑے ہیں۔

اپوزیشن جماعتوں کے اسلام آباد میں احتجاج سے متعلق سوال پر بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ ان شاء اللہ اسلام آباد جانے کی ضرورت ہی نہیں پڑے گی، اس سے پہلے ہی یہ حکومت چلی جائے گی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.