حکومت پر تنقید کریں لیکن ملک پر سمجھوتہ نہیں ہو گا،شہریار آفریدی
فوٹو: فائل
لاہور(ویب ڈیسک) تحریک انصاف کے اہم رہنما اور چیئرمین کشمیر کمیٹی شہریار آفریدی نے کہا ہے کہ ریاستی اداروں کے خلاف بولنے والوں کو نشان عبرت بنائیں گے۔
لاہور میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شہریار آفریدی نے کہا کہ اداروں کے خلاف مہم ملک کو کمزور کرنے کی سازش ہے لیکن ہمیں ریاستی اداروں کو مضبوط بنانا ہے۔
شہریار آفریدی نے کہا کہ بھارت چاہتا ہے پاکستان میں بدامنی ہو لیکن پاکستان کے فیصلے ملک سے باہر نہیں ہوں گے انہوں نے کہا کہ نواز شریف ووٹ کو عزت دینا چاہتے ہیں تو وطن واپس آئیں۔
شہریار آفریدی نے کہا کہ میں نواز شریف کے بیانات پر وزیر اعظم کے بیان کی تائید کرتا ہوں انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے ایک گھنٹہ تقریر کی لیکن کسی نے پابندی نہیں لگائی۔
چیئرمین کشمیر کمیٹی کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اورعمران خان پر تنقید کریں لیکن ملک پر سمجھوتہ نہیں ہو گا اور ریاستی اداروں کے خلاف بولنے والوں کو نشان عبرت بنائیں گے انہوں نے کہا کہ ریاستی ادارے اور ملک ایک ہی پیج پر ہیں۔
انھوں نے کہا کہ حکومت ملک میں جمہوری سرگرمیوں کی مخالف نہیں ہے جس کو احتجاج کرنا ہے کرے، ریلیاں نکالیں لیکن اپنی توپوں کا رخ ریاست کی جانب نہ کریں۔