آزاد کشمیر، پھر لاک ڈاون، مذہبی اجتماعات محدودکرنے کا فیصلہ

0

فوٹو: فائل

مظفر آباد( شہزاد شفیع)آزاد کشمیر کابینہ نے کورونا کیسز بڑھنے کے باعث آزاد کشمیر میں دوبارہ سے لاک ڈاؤن نافذ کرنے کا اصولی فیصلہ کر لیا ہے اور اس کیلئے پیش بندی ہوتے ہی عمل درآمد شروع ہو جائے گا۔

وزیراعظم آزاد کشمیر راجا فاروق حیدر کی زیرصدارت اعلیٰ سطح کے اجلاس میں کورونا کے بڑھتے ہوئے کیسزکا جائزہ لیا گیا اور اس بات پر تشویش کااظہار بھی کیا گیا کہ عوام نے احتیاطی تدابیر نظرانداز کرنا شروع کردی ہیں۔

کابینہ اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیراعظم آزاد کشمیر راجا فاروق حیدر کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر میں کورونا پازیٹیو کیسز کی شرح 8.3 فیصد ہے جو پاکستان کے دیگر علاقوں کے مقابلے میں زیادہ ہے۔

راجہ فاروق حیدر نے کہا کہ آزاد کشمیر میں کورونا وائرس کو بڑھنے سے روکنے کیلئے حکومت نے سخت حفاظتی انتظامات کا فیصلہ کیا ہے اور اس مقصد کیلئے انٹری پوائنٹس پر چیکنگ، ٹرانسپورٹ و تعلیمی اداروں میں ایس او پیز پر مکمل عملدرآمد کیا جائے گا۔

آزادکشمیر کابینہ نے ریاست میں مذہبی اجتماعات، سیاسی و سماجی تقریبات بھی محدود کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے جس کا مقصد کورونا وائرس کی روک تھا م کیلئے ایس او پی پر عمل کرنا ہے۔

کابینہ اجلاس میں یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ گھر سے باہر اور دفاتر میں ماسک کی مکمل پابندی کروائی جائے گی اور خلاف ورزی پر جرمانہ کیا جائے گا۔

آزاد کشمیر میں کورونا سے مرنے والوں کی تعداد گرچہ صوبوں کی نسبت کم رہی ہے لیکن پھر بھی آزاد کشمیر میں اب تک کورونا سے 2816 افراد متاثر اور 76 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.