عثمان بزدار سے ملاقات، ن لیگ کے5ارکان فارغ

0

فوٹو: سوشل میڈیا

لاہور(زمینی حقائق ڈاٹ کام) مسلم لیگ ن کے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے ملاقات کرنے والے 5ارکان اسمبلی کو پارٹی سے نکالنے کااعلان کردیا۔

مسلم لیگ ن کی طرف سے جاری کیے گئے اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار سے ملاقات کرنے والے مسلم لیگ (ن) کے 5 ارکان کو پارٹی سے نکالنے کی قیادت نے منظوری دی ہے۔

مسلم لیگ ن کی قیادت کی طرف سے ان پانچ ارکان کو پارٹی سے نکالنے کے فیصلہ پر عمل درامدکرتے ہوئے ان کو پارٹی نکالے جانے کا اعلان جماعت کے سیکرٹری جنرل احسن اقبال نے کیا۔

عثمان بزدار سے ملاقات کی وجہ سے مسلم لیگ ن سے نکالے جانے والے اراکین پنجاب اسمبلی میں اشرف انصاری، جلیل شرقپوری، فیصل نیازی، نشاط ڈاہا اور مولوی غیاث الدین شامل ہیں۔

اعلامیہ کے مطابق پنجاب اسمبلی کے ارکان کے خلاف کارروائی مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر رانا ثناء اللہ کے دستخطوں سے عمل میں لائی گئی ہے۔

اعلامیہ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ فیٹف کی ووٹنگ میں غیر حاضر مسلم لیگ (ن) سے تعلق رکھنے والے پارلیمان کے ارکان کو بھی شوکاز نوٹس جاری کیے گئے ہیں، ووٹنگ کے دوران نہ آنے والے پارٹی ارکان سینٹ اور قومی اسمبلی کو شوکاز نوٹس جاری کئے گئے۔

جن ارکان پارلیمنٹ کو پارٹی کی جانب سے نوٹس جاری کیے گئے ان میں راحیلہ مگسی، کلثوم پروین، دلاور خان اور شمیم آفریدی شامل ہیں۔

سینٹ میں پارٹی ارکان کو شوکاز نوٹس ایوان بالا میں قائد حزب اختلاف راجہ ظفرالحق کے دستخطوں سے جاری ہوئے۔ پارٹی کی سیکرٹری جنرل احسن اقبال کے مطابق شوکاز کی کارروائی کے بعد اگلے مرحلے کا فیصلہ ہوگا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.