نواز شریف نےنظام کی تضحیک کی،مجرم کا رویہ شرمناک ہے،اسلام آباد ہائیکورٹ

0

فوٹو: فائل

اسلام آباد(ویب ڈیسک) نواز شریف لندن میں بیٹھ کر پاکستان ے سسٹم پر ہنس رہا ہو گا ملزم کو پتہ ہے اس نے سارے نظام کو شکست دی ہے سابق وزیراعظم نے پورے نظام کی تضحیک کی ہے ،یہ ریمارکس آج نواز شریف کی سزا کے خلاف اپیلوں پر سماعت کے دوران اسلام آباد ہائی کورٹ نے دی۔

نوازشریف کو سزا کے خلاف اپیلوں کے کیس میں اسلام آباد ہائیکورٹ کے جج جسٹس محسن اختر کیانی نے ریمارکس دیئے کہ ملزم کو پتہ ہے کہ وہ سارے سسٹم کو شکست دے کرگیا ہے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اختر کیانی پر مشتمل بنچ نے نواز شریف کی سزا کے خلاف اپیلوں پر سماعت کی اس دوران ایڈیشنل اٹارنی جنرل طارق کھوکھر نے سابق وزیراعظم کے وارنٹ گرفتاری کی عدم تعمیل کی رپورٹ بھی عدالت میں پیش کی۔

عدالت میں پیش کی گئی رپورٹ میں کہا ہے کہ لندن ایون فیلڈاپارٹمنٹس پرپاکستانی ہائی کمیشن کانمائندہ دوبارہ وارنٹ کی تعمیل کے لیے گیا لیکن اپارٹمنٹس پر موجود شخص نے وارنٹ گرفتاری وصول کرنے سے انکار کردیا۔

عدالت کو ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے بتایا کہ وارنٹ کی تعمیل کیلئے پاکستانی ہائی کمیشن کے افسر راؤ عبدالحنان ایون فیلڈ اپارٹمنٹس گئے لیکن وہاں موجود شخص ایڈی نے وارنٹ لینے سے انکار کردیا جس کے بعد نوازشریف کے وارنٹ گرفتاری کی تعمیل کرانے کی ہر ممکن کوشش کی۔

سماعت کے دوان عدالت نے کہا کہ ہم نے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے، دیکھنا ہے کہ کیا جان بوجھ کرعدالتی کارروائی سے فرار کیاجارہا ہے؟

سماعت کے دوران نیب کے ایڈیشنل پراسیکیوٹر جنرل جہانزیب بھروانہ نے عدالت کوبتایا کہ نوازشریف وارنٹ گرفتاری جاری ہونے سے آگاہ ہیں، یہ ان کے وکیل نے بھی بتایاتھا کہ انہیں عدالتی آرڈر سے آگاہ کیا گیا ہے۔

ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہا ہمیں بتایاگیاکہ پاکستانی عدالت کے احکامات پر عملدرآمد کے وہ پابند نہیں، اس پر عدالت نے کہا کہ ہمیں شواہد کیساتھ خودکو مطمئن کرناہے کہ عدالت نے وارنٹس کی تعمیل کیلئے اپنی پوری کوشش کی ہے۔

جسٹس محسن اختر کیانی نے ریمارکس دیے کہ اس ساری ایکسر سائز کا مقصد ہے کہ کل ملزم آئے تویہ نہ کہے کہ اسے معلوم نہ تھا، ملزم کو پتہ ہے کہ وہ سارے سسٹم کو شکست دے کرگیا ہے، وہ وہاں بیٹھ کر پاکستان کے سسٹم پر ہنس رہا ہوگا، یہ نہایت شرمناک بات ہے، اس معاملے پر عدالت فیصلہ دے گی۔

عدالت  نے ریمارکس دیئے کہ اس ایک کیس کی وجہ سے باقی کیس التواء کا شکار ہیں، ہزاروں کیس التواء ہیں اور یہاں اس کیس میں وقت ضائع کر رہے ہیں، جتنی کوشش ایک مجرم کو وارنٹ پہنچانے میں لگ رہی کئی سائلین کو ریلیف دیا جاسکتا ہے، عدالت، حکومت، دفتر خارجہ اور ہائی کمیشن مل کر ایک وارنٹ کی تعمیل کرارہے ہیں۔

عدالت نے کہا کہ مجرم (نواز شریف) کا انتہائی شرمناک رویہ ہے، لندن میں موجود قونصل اتاشی کا بیان ویڈیو لنک کے ذریعے کریں گے، عدالت نے کیس کی مزید سماعت سات اکتوبر تک ملتوی کردی۔

واضح رہے کہ عدالت نے العزیزیہ اور ایون فیلڈ ریفرنس میں نواز شریف کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر رکھے ہیں اور گزشتہ سماعت پر ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا گیا کہ نواز شریف وارنٹ وصول کرنے کے لیے تیار ہیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.