رات 3بجےتنظیم سازی ہو گی تو یہی نتیجہ نکلے گا،فیاض الحسن چوہان

0

فوٹو : فائل

راولپنڈی ( ارشد فاروق تنولی )پنجاب کے وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ طلال چوہدری کے جھگڑے کا مثبت پہلویہ ہے کہ یہ بات تمام سیاسی جماعتوں اور سیاستدانوں کو علم ہو گیا ہے تنظیم سازی دن کے اجالے میں کی جائے رات 3بجے کی قانون سازی کا نتیجہ ہڈیاں ٹوٹنے کا ملتا ہے۔

راولپنڈی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ طلال چوہدری نے اپنی ہی جماعت کی خاتون ایم این اے کو ہراساں کر کے ن لیگ کا نام ڈبویا اور لیڈر شپ کا نام روشن کیا، بیگم صفدر اعوان کا امتحان ہے کہ وہ کب طلال چوہدری کو پارٹی سے نکالتی ہیں۔

فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ طلال چوہدری کی حرکت تمام پارلیمنٹیرینز پر حملہ ہے، واقعے سے واضح پیغام مل گیا کہ جو تنظیم سازی رات کے 3 بجے ہوتی ہے اس کے نتائج بازو اور پاؤں کی ہڈیاں ٹوٹنے کی صورت میں سامنے آتا ہے۔

پنجاب کے وزیر اطلاعات نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب نے فیصلہ کیا ہے کہ خواتین کو ہراساں کرنے والے کیسز محکمہ اطلاعات خود دیکھے گا، پولیس کو ون فائیو پر جھوٹی اطلاع دینے پر ایف آئی آر کٹے گی، دونوں جانب سے 15 پر کالز کی گئی ہیں جو ریکارڈ میں ہیں۔

انھوں نے کہا کہ فریقین واردات کرکے بھاگ رہے ہیں لیکن ہم ایسا نہیں ہونے دیں گے ون فائیو مزاق کیلئے نہیں ہے اور اگر جھوٹی کالز کی گئی ہیں تو تب بھی جرم ہے۔

فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ موجودہ کیس اپنی نوعیت کا علیحدہ کیس ہے جس میں ایک سابق وزیر اپنی موجودہ ایم این اے کو ہراساں کر رہا ہے۔

فیاض الحسن چوہان نے مزید کہا کہ یہ پہلی تنظیم سازی ہے جو رات کے 2 یا 3 بجے ہوتی ہے، میں بھی سیاسی کارکن ہوں اور تنظیم سازی بھی کرتا رہا ہوں لیکن اس واقعے سے واضح پیغام ملا ہے کہ رات کو 3 بجے جو تنظیم سازی ہوتی ہے اس کے نتائج بازو اور پاؤں کی ہڈیاں ٹوٹنے کی صورت میں ہی سامنے آتے ہیں۔

یاد رہے کہ 24 ستمبر کی رات طلال چوہدری فیصل آباد میں مبینہ حملے میں زخمی ہوگئے تھے، طلال چوہدری کے بائیں کندھے پر چوٹ آئی ہے اور وہ لاہور کے نجی اسپتال میں زیرعلاج ہیں۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی رابطہ کار شہباز گِل نے طلال چوہدی پر اپنی ہی جماعت کی خاتون رکن قومی اسمبلی کو ہراساں کرنے کا الزام لگایا تھا اور ان کے خلاف کارروائی کا بھی مطالبہ کیا تھا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.