وزیر اعظم کے دورہ ترکی کا مشترکہ اعلامیہ جاری
اسلام آباد (ویب ڈیسک )وزیراعظم عمران خان کے دورہ ترکی کے مشترکہ اعلامیہ کے مطابق ترک صدر طیب اردوان کی دعوت پر وزیراعظم نے ترکی کا 2 روزہ سرکاری دورہ کیا۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ اعلیٰ سطح وفد بھی وزیراعظم عمران خان کے ہمراہ تھا جہاں وزیراعظم اور ترک صدر کے درمیان ون آن ون ملاقات ہوئی اور دونوں ملکوں کے درمیان وفود کی سطح پر مذاکرات ہوئے۔
اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ بات چیت میں دو طرفہ، خطے اور بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اعلامیے کے مطابق دونوں ملکوں کے درمیان مثالی تعلقات کئی دہائیوں پر محیط ہیں جو کہ اب اسٹریٹجک شراکت داری میں تبدیل ہو چکے ہیں۔
اعلامیے میں کہاگیا ہے کہ پاکستان اور ترکی نے باہمی تعاون کو تمام شعبوں تک وسعت دینے پر اتفاق کیا ہے۔
مشترکہ اعلامیے میں دونوں ملکوں نے ہر قسم کی دہشت گردی کے ناسور سے نمٹنے اور فتح اللہ گولن کی دہشت گرد تنظیم کیخلاف بھی عزم کا اعادہ کیا۔
دونوں ممالک کے تمام عالمی فورمز پر دو طرفہ تعاون پر اظہار اطمینان کیا گیا۔
مشترکہ اعلامیے میں پاکستان اور ترکی نے سلامتی کونسل کی قراردادوں اور مذاکراتی عمل سے مسئلہ کشمیر کے حل کی ضرورت پر زور دیا۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ نیوکلئیرسپلائرز گروپ میں شمولیت کے لیے پاکستان ترکی کی حمایت کو سراہتا ہے جب کہ افغانستان میں پائیدار امن و استحکام تمام فریقین کے درمیان مصالحت کے ذریعے ہی آسکتا ہے۔