ترک صدرطیب اردوان کاجنرل اسمبلی میں مسلہ کشمیر حل کرنے کا مطالبہ
انقرہ(ویب ڈیسک) ترک صدر رجب طیب اردوان نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں مسئلہ کشمیر ایک مرتبہ پھر اٹھاتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ مسئلہ اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق حل کیا جائے ۔
اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے دوران ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے ترکی کے صدر رجب طیب اردوان نے کہا کہ اگر دنیا جنوبی ایشیا میں امن چاہتی ہے تو اس کیلئے ضروری ہے کہ مسئلہ کشمیر کو حل ہونا چاہیے.
رجب طیب اردوان کا کہنا تھا کہ یہ تنازع اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق حل ہونا چاہیے، کیونکہ جنوبی ایشیا میں امن کا انحصار مسئلہ کشمیر پر ہے۔
اجلاس کے دوران خطاب کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ دنیا بھر میں امن اور انسانیت کیلئے آواز اٹھاتے رہیں گے، اپنے موقف سے دستبردار نہیں ہوں گے، یونان کے مسئلہ پر مذاکرات کیلئے تیار ہیں۔
اسرائیل سے متعلق ترک صدر نے کہا جو ممالک اپنے سفارتخانے مقبوضہ بیت المقدس میں منتقل کر رہے ہیں وہ فلسطین کے مسئلے کو پیچیدہ کر رہے ہیں، میں واضح کرنا چاہتا ہوں کہ ترکی کو وہ حل قبول ہو گا جو فلسطین کی عوام کو ہو گا۔
انھوں نے کہا شام میں ہزاروں بہن بھائیوں کو اپنے ملک میں بسایا، پی کے اور وائی پی جی سمیت دہشتگردوں کیخلاف جنگ جاری رکھیں گے، لیبیا، شام، یمن سمیت جنگ زدہ علاقوں میں امن کے لیے اقوام متحدہ کردار ادا کرے۔
خطاب کے دوران ترک صدر رجب طیب اردوان نے یونان کے ساتھ مزاکرات پر آمادگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کشیدگی کسی کے بھی مفاد میں نہیں ہے.
شکریہ رجب طیب اردوان، وزیراعظم پاکستان
وزیراعظم پاکستان عمران خان نے جنرل اسمبلی میں کشمیریوں کے حقوق کیلئے آواز بلند کرنے پر ترک صدر کا شکریہ اداکیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر بیان میں عمران خان نے کہا ایک بار پھر ترک صدر نے کشمیریوں کے حقوق کیلئے جنرل اسمبلی اجلاس میں آواز اٹھائی، کشمیریوں کی تحریک آزادی کیلئے ترکی کی حمایت تقویت کا باعث ہے۔