نوازشریف کی میڈیکل رپورٹس جعلی نہیں تھیں، وزیر صحت پنجاب

0

فوٹو : فائل

لاہور(ویب ڈیسک) پنجاب کی وزیرصحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے ایک بار پھر وضاحت کی ہے کہ نواز شریف کی پرانی میڈیکل رپورٹس جعلی نہیں درست تھیں۔یہ غلط کہا جارہاہے کہ میڈیکل بورڈ کو بیوقوف بنایا گیاہے۔

مسلم لیگ ن کے قائد اورسابق وزیراعظم نواز شریف کی تقریر پر وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے ردِعمل میں کہا کہ اچھی بات ہے کہ نواز شریف بغیر علاج کے ٹھیک ہو رہے ہیں۔

ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ ہمارا تو نواز شریف کو پاکستان واپس آنے کا مشورہ ہے کہ اگر نواز شریف نے سیاست کرنی ہے تو ملک واپس آجائیں۔

پنجاب کی وزیر صحت نے پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں کی جانب سے نواز شریف کی میڈیکل رپورٹس پر تنقید کے حوالے سے کہا کہ نہ تو نواز شریف کی پرانی میڈیکل رپورٹس جعلی ہیں اور نہ ہی میڈیکل بورڈ کو بیوقوف بنایا گیا۔

گزشتہ برس 16 نومبر کو لاہور ہائیکورٹ نے نواز شریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کا حکم دیا تھا اور انہیں علاج کی غرض سے 4 ہفتوں کے لیے بیرون ملک جانے کی اجازت دی تھی جس کے بعد وہ 19 نومبر 2019 کو لندن روانہ ہو گئے تھے۔

خیال رہے کہ ڈاکٹر یاسمین راشد نواز شریف کی میڈیکل رپورٹس کی تصدیق کرنے والوں میں شامل تھیں اور میڈیکل بورڈ کے ساتھ ساتھ ڈاکٹر یاسمین نے بھی اس وقت نواز شریف کی رپورٹس کو درست قرار دیا تھا۔

نوازشریف کو برطانیہ گئے ہوئے 10ماہ سے زائد مدت ہو چکی ہے لیکن مسلم لیگ ن کا موقف ہے کو کورونا کی وجہ سے علاج نہیں کرایا جاسکاہے اس لئے وہ مکمل علاج کروا کرواپس آئیں گے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.