آرمی چیف نے22دہشتگردوں کی سزائے موت کی توثیق کردی
اسلام آباد( ویب ڈیسک) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے 22 خطرناک دہشت گردوں کی سزائے موت کی توثیق کردی۔ تمام دہشت گرد سنگین نوعیت کی کارروائیوں میں ملوث ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے 22 دہشت گردوں کی سزائے موت کی توثیق کردی ہے، جنرل قمرجاوید باجوہ نے 15 دہشت گردوں کو مختلف سزاوٴں کی بھی توثیق کی۔
دہشت گردوں پر فوجی عدالتوں میں مقدمات چلائے گئے، خصوصی فوجی عدالتوں سے جرم ثابت نہ ہونے پر 2 افراد کو بری کیا گیا۔
ان دہشت گردانہ کارروائیوں میں 176 اہلکار اور سویلین شہید ہوئے جبکہ 217 اہلکار اور سویلین زخمی ہوئے تھے۔ اعلامیہ میں کہا گیاہے کہ دہشت گرد فرقہ وارانہ قتل و غارت گری کے لیے آئی ای ڈی استعمال کرتے تھے۔
دہشت گردوں نے پولیس چیک پوسٹوں، تعلیمی اداروں پر حملے کیے تھے۔ دہشت گرد حملوں میں شہید ہونے والے 176 افراد میں سے 19 مسلح افواج کے اہلکار شامل تھے۔
دہشت گرد حملوں میں 41 پولیس، لیویز اہلکار بھی شہدا میں شامل تھے، سزائے موت پانے والے دہشت گردوں نے عباس ٹاوٴن کراچی میں حملہ کرایا تھا۔
سزائے موت پانے والے دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تنظیموں سے تھا، سزائے موت پانے والے دہشت گردوں نے عدالتوں میں جرائم کا اعتراف کیا۔
سزائے موت پانے والے دہشت گردوں میں خیرالدین، سلطان محمود، محمد طاہر، ظفر علی، عمر کریم، شیر ولی، بختاور، فہیم الدین، ظاہر شاہ، سعید محمد، عرب جان، محمد اسحاق، نتہاج علی، عبدالرفیع، محمد اسحاق شامل ہیں۔