شاہ سلمان اور مودی کا رابطہ، باہمی تعاون بڑھانے پر اتفاق
فوٹو: ایس پی اے
اسلام آباد(ایس پی اے)خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کا بھارتی وزیراعظم نریندر مودی سے ٹیلیفون پر رابطہ ہوا ہے جس میں باہمی تعاون کے فروغ کا جائزہ لیا گیا۔
سعودی عرب کے خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق ٹیلی فونک رابطے کے دوران شاہ سلمان نے اس سال سعودی عرب کی زیر قیادت جی 20 کی سرگرمیوں، کورونا وبا کے چیلنجوں سے نمٹنے اور وبا کے سنگین اثرات کم کرنے کے لیے جی 20 کی کاوشوں کا جائزہ لیا-
شاہ سلمان نے زود دیا کہ عالمی معیشت اور اقوام عالم پر وبا کے سنگین اثرات کو کم کرنے کے لیے جی 20 میں شامل ملکوں کو اپنا مشن جاری رکھنا ہوگا۔
گفتگو کے دوران شاہ سلمان نے نریندر مودی سے یہ بھی کہا کہ سعودی عرب کورونا کی وبا سے نمٹنے کے لیے مشترکہ جدوجہد جاری رکھنا چاہتا ہے،بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے جی 20 کی منفرد قیادت پرسعودی عرب کی تعریف کی۔
خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے اس اعتماد کا بھی اظہار کیا کہ جی 20 میں شامل ممالک کے اجلاسوں کے نتائج سے پوری دنیا فائدہ اٹھائے گی۔
ٹیلی فونک رابطے کے دوران دونوں رہنماؤں نے سعودی عرب اور بھارت کے درمیان موجود تعاون اور مختلف شعبوں میں اسے فروغ دینے کے طریقوں کا بھی جائزہ لیا اور باہمی تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔