سعودی عرب ارطغرل غازی کی مقبولیت سے متاثر ،ڈبنگ کیلئے عربی ڈرامے پاکستان بھیجے گا
فوٹو : پریس ریلیز
اسلام آباد(زمینی حقائق ڈاٹ کام) ترک ڈرامے ارطغرل غازی کی مقبولیت سے متاثر ہو کر سعودی عرب نے بھی عربی ڈرامے اردو میں ڈب کرکے پیش کرنے کی پیش بندی کر لی، سعودی سفیر نے سینیٹر فیصل جاوید سے خصوصی ملاقات کی ہے.
ملاقات میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب ایک دوسرے کی فلمیں اورتاریخ و ثقافت پر مبنی ڈرامے اردو اور عربی زبان میں ڈب کر کے چلائیں گے۔
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما سینیٹر فیصل جاوید خان نے پاکستان میں سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی کی دعوت پرسعودی سفارتخانے میں ملاقات کی جس میں دونوں ممالک کے باہمی دلچسپی کے امور پر گفتگو کی گئی۔
اس موقع پر طے کیا گیا کہ دونوں ممالک کے عوام کو ایک دوسرے کے مزید قریب لانے کے لئے دونوں ممالک کے کلچر اور ثقافت سے عوام کو روشناس کروایا جائے گا۔
اس مقصد کے لئے سعودی عرب میں اسلامی تاریخ اور سعودی کلچر پر بننے والی فلموں اور ڈراموں کو اردوزبان میں ڈبنگ کر کے پاکستانی میڈیاپر چلایا جائے گا۔اسی طرح پاکستان میں بننے والی فلموں اور ڈراموں کو عربی زبان میں ڈب کرکے سعودی عرب کے میڈیا پر چلایا جائے گا۔
اس موقع پر سینیٹر فیصل جاوید خان کا کہنا تھا کہ اس اقدام سے دونوں برادرممالک کے عوام کو ایک دوسرے کے کلچر اور ثقافت سے آگاہی حاصل ہوگی – نوجوانوں کو اسلامی تاریخ سے روشناس کروایا جائے گا.
اس طرح کے رابطوں کے نتیجے میں دونوں ملک ایک دوسرے کے مزید قریب آسکیں گے۔
اس موقع پر سعودی سفیر کا کہنا تھاپاکستان اسلامی دنیا کے صف اول کے ممالک میں شامل اور اتحادِ امہ کا زبردست داعی ہے. نواف بن سعید المالکی نے کہا کہ انہوں نے پاکستان کو انتہائی خوبصورت اور شاندار ملک پایاہے۔
انھوں نے کہا سیاحت کے شعبے میں ترقی کے لئے پاکستان کا خوبصورت چہرہ دنیا کے سامنے اجاگر کیاجانا چاہیے، ان کا کہنا تھا کہ
وزیراعظم عمران خان عظیم لیڈر ہیں جنکی دنیا عزت کرتی ہے ۔
وزیراعظم عمران خان کی خدمات اور ویژن کو پوری اسلامی دنیا خصوصاً سعودی عرب میں قدر و منزلت کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے،
اس موقع پر سینیٹر فیصل جاوید خان نے سعودی سفیر کو پاکستان میں سیاحت کے موضوع پر لکھی گئی ایک کتاب بھی پیش کی۔