دنیا کی مہنگی ترین بھیڑ8کروڑ سے زائد قیمت میں فروخت

0

فوٹو: گارڈین

گلاسگو(ویب ڈیسک )برطانیہ میں ایک بھیڑ 3لاکھ سے زائد پاونڈز میں فروخت ہوئی ہے جو کہ پاکستانی کرنسی میں8کروڑ روپے سے زیادہ مالیت کی ہے اور یہ دنیا میں سب سے مہنگی بکنے والی بھیڑ ہے۔

اس حوالے سے برطانوی خبر رساں ادارے گارڈین کی رپورٹ میں بتایا گیاہے کہ ڈبل ڈائمنڈ نامی بھیڑ کی نیلامی شروع ہوتے ہی بولیاں لگنا شروع ہو گئیں اور چند منٹوں میں ایک گاہک نے 3 لاکھ 67 ہزار 500 پاؤنڈ کی آفر پر مخصوص نسل کی بھیڑ خرید لی۔

رپورٹ کے مطابق برطانیہ کے شہر گلاسگو میں ایک مخصوص نسل کی بھیڑ کی تین لاکھ سے زائد پاؤنڈز میں فروخت نے تمام ریکارڈ توڑ دیے ہیں، جس کی پاکستانی روپوں میں قیمت آٹھ کروڑ سے زیادہ بنتی ہے۔

ہلکے سنہری رنگ کی اس بھیڑ پر شہری جیف ایکن کی کئی ہفتوں سے نظر تھی جو خود بھی جانوروں کی نسل کی افزائش کرتے ہیں، اس سے قبل کسی بھی بھیڑ کو اتنی زیادہ قیمت میں نہیں خریدا گیا۔

خریداری کے بعدجیف ایکن کا کہنا تھا کہ گھوڑوں کی ریسنگ یا مویشیوں سے منسلک کسی بھی اور کاروبار کی طرح یہ بھی ایک کاروبار ہے۔


ڈبل ڈائمنڈ کا تعلق بھیڑوں کی ’ٹیکسل‘ نامی مخصوص نسل سے ہے جو نیدرلینڈز کے قریب ٹیکسل نامی جزیرے میں پائی جاتی ہیں۔

اس نایاب نسل کی بھیڑ کی بے حد مانگ ہے اور عموماً ہزاروں میں بکتی ہے لیکن ڈبل ڈائمنڈ کے منظر عام پر آنے سے اس کی قیمت میں یکدم اضافہ ہوا ہے۔

بتایا جاتاہے کہ ڈبل ڈائمنڈ کی خرید کے لیے جیف ایکن نے ایک اور بریڈر کے ساتھ مل کر بولی لگانے کا فیصلہ کیا تھا لیکن اس مخصوص نسل کی بھیڑ کی اہمیت کے باعث مقابلہ سخت ہو گیا اور دیگر بریڈرز نے بھی نیلامی میں حصہ لیتے ہوئے زیادہ سے زیادہ بولی لگائی۔

ڈبل ڈائمنڈ برطانوی شہر چیشائر کی ایک فیملی نے فروخت کی ہے،چھ ماہ کی عمر کی ڈبل ڈائمنڈ کے بارے میں جیف ایکن کا کہنا ہے کہ یہ انتہائی شاندار جانور ہے اور سب سے بہترین جینز موجود ہیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.