نویں اور گیارہویں جماعت کے تمام طلبہ بغیر امتحان دیئے پاس ہو گئے

0

اسلام آباد(زمینی حقائق ڈاٹ کام) وفاقی حکومت نے 9ویں اور 11ویں کلاس کے بچوں کو پروموٹ کر نے کا اعلان کر دیا ہے، یہ طلبہ و طالبات آئندہ سال 10ویں اور 12ویں کا امتحان دیں گے۔

وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کے زیر صدارت اہم اجلاس ہوا جس میں ملک بھر کے تمام تعلیمی بورڈز کی سفارشات پر غور کیا گیا۔ اجلاس کے بعد میڈیا کو بریف کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ تمام صوبائی وزرائے تعلیم کے اجلاس میں اہم فیصلے کیے گئے ہیں۔

شفقت محمود نے طلبہ کو خوشخبری دیتے ہوئے کہا کہ 9ویں اور 11ویں کلاس کے بچوں کو پروموٹ کر دیا گیا ہے، امتحان کی بنیاد پر پچھلے سال کے نمبرز دیئے جائیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ رواں سال 40 لاکھ بچوں نے میٹرک اور انٹر کے امتحان دینے تھے۔

وزیر تعلیم نے کہا 40 فیصد سے زائد مضامین میں فیل بچوں کا سپیشل امتحان ہوگا جو ستمبر سے نومبر کے درمیان لیا جا سکتا ہے۔ چند مضامین کا امتحان دینے والے طلبہ سپیشل امتحان دے سکیں گے۔

وزیر تعلیم نے کہا کہ خصوصی امتحان دینے والے بچے یکم جولائی تک بورڈ کو آگاہ کریں گے۔ رزلٹ سے مطمئن نہ ہونیوالا خصوصی امتحان دے سکتا ہے۔

انہوں نے کہا ہم نے والدین اور پرائیویٹ سکولز کا بھی خیال کرنا ہے۔ تھوڑی فیس لینے والے پرائیویٹ سکولز کے لیے بڑا برا وقت ہے۔ اسلام آباد میں 85 فیصد سے زائد سکولز 5 ہزار سے بھی کم فیس لیتے ہیں۔

دوسری جانب سندھ کے وزیر تعلیم سعید غنی نے پریس کانفرنس میں بتایا نویں کا طالبعلم رزلٹ کی بنیاد پر دسویں کلاس میں جائے گا، پرانے نتیجے کی بنیاد پر دسویں اور 11 ویں کے طلبا پروموٹ ہوں گے.

تمام طلبا کو 3 فیصد اضافی نمبر دیئے جائیں گے، جو طلباء ایک یا 2 پیپرز میں فیل ہیں انہیں پاسنگ مارکس دیکر پرموٹ کیا جائے گا، کچھ چیزیں حل کرنے کیلئے مزید اجلاس ہوں گے، کورونا کے باعث نظام تعلیم بری طرح متاثر ہوا ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.