قومی اسمبلی کی کارروائی پارلیمانی آداب کے مطابق چلانے پر اتفاق
اسلام آباد(ویب ڈیسک )قومی اسمبلی کی کارروائی کو پارلیمانی آداب کے مطابق چلانے کا فیصلہ، سپیکر کی صدارت میں کمیٹی بنا دی گئی، تمام جماعتوں نے بھر پورتعاون کی یقین دہانی کراد ی۔
سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی زیر صدارت پارلیمنٹ ہاوس میں اجلاس منعقد ہوا جس میں حکومتی وزراء اور اپوزیشن جماعتوں کے اراکین اسمبلی نے شرکت کی-
اجلاس میں متفقہ طور پر یہ فیصلہ ہوا کہ اسپیکر قومی اسمبلی کی صدارت میں ایک کمیٹی تشکیل دی جائے گی جس میں ایوان میں موجود تمام جماعتوں کے پارلیمانی لیڈر شامل ہوں گے-
کمیٹی اس امر کا جائزہ لیتے ہوئے اس بات کو یقینی بنائے گی کہ اجلاس کی کاروائی کے دوران کوئی بھی رکن غیر پارلیمانی رویہ اختیار نہ کرے اور پارلیمانی آداب کا خیال رکھیں-
اجلاس کے دوران شرکاء نے سپیکر کو یقین دہانی کرائی کہ اس ضمن میں تمام جماعتیں ان سے بھرپور تعاون کریں گی-
اجلاس میں وزیر قانون ڈاکٹر محمد فروغ نسیم، ملیکہ علی بخاری، سردار ایاز صادق، رانا ثناء اللہ، خواجہ سعد رفیق، سید نوید قمر اور رانا تنویر شامل تھے ۔