چیف جسٹس نے گلگت بلتستان کے وزیر کی بدتمیزی کانوٹس لے لیا

0

اسلام آباد(ویب ڈیسک )چیف جسٹس پاکستان نے گلگت بلتستان کے وزیر سیاحت فدا حسین کی اسلام آباد ائیرپورٹ پر حکام سے بدتمیزی کا ازخود نوٹس لے لیا۔

اس حوالے سے سپریم کورٹ سے جاری اعلامیہ کے مطابق چیف جسٹس پاکستان جسٹس ثاقب نثار نے میڈیا پر خبریں نشر ہونے کے بعد اسلام آباد ائیرپورٹ پر حکام کے ساتھ بدتمیزی کا نوٹس لیا ہے۔

رپورٹس میں الزام عائد کیا گیا تھا کہ گلگت بلتستان کے صوبائی وزیر سیاحت فدا حسین نے اسلام آباد انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر ارائیول انچارج کے ساتھ بدتمیزی اور جھگڑا کیا۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ میڈیا رپورٹس کے مطابق صوبائی وزیر نے ارائیول انچارج پر برہمی کے بعد انہیں دھکا دیا جس سے وہ زمین پر گر گیا۔

چیف جسٹس نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے فریقین کو ہفتے کے روز سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں پیش ہونے کا حکم دیا ہے۔

اس روز خراب موسم کے باعث پرواز منسوخ ہونے پر گلگت بلتستان کے وزیر سیاحت فدا حسین نے اسلام آباد ائیرپورٹ پر احتجاجاً اپنی جیکٹ جلائی تھی اور پی آئی اے حکام کے ساتھ بدتمیزی بھی کی تھی جس کی ویڈیو بھی منظر عام پر آ چکی ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.