مولانا طارق جمیل نے میڈیا کے خلاف بیان پر معافی مانگ لی
فوٹو: فائل
اسلام آباد(زمینی حقائق ڈاٹ کام)معروف مذہبی اسکالر مولانا طارق جمیل نے گزشتہ روز میڈیا سے متعلق اپنے الفاظ پر ایک ٹی وی پروگرام میں براہ راست معافی مانگ لی۔
ایک دن پہلے وزیراعظم عمران خان کے احساس پروگرام کے تحت کورونا ریلیف فنڈ ٹیلی تھون ہوئی تھی جس میں مولانا طارق جمیل نے میڈیا سے متعلق کہا تھا کہ سب سے زیادہ جھوٹ میڈیا پر بولا جاتا ہے۔
سینئرصحافی حامد میر نے اپنے پروگرام میں یہ معاملہ اٹھایا تھا جب کہ میڈیا سے وابستہ افراد کے علاوہ سیاسی جماعتوں کے کارکنوں اور سوشل میڈیا پر ان کے مخالفین نے مولانا کے الفاظ لے کر ان پر خوب تنقید کی ۔
مولانا طارق جمیل کو ہم ٹی وی کے پروگرام میں محمد مالک نے لائیو کال پر لیا اور ان سے گزشتہ روز کا کلپ چلانے اور سوال کرنے پر اصرار کیا تاہم مولانا نے میڈیا سے متعلق الفاظ پربغیر کوئی لگی لپٹی رکھے معذرت کرتے ہوئے کہا ہے کہ غلطی ہوگئی، معافی چاہتا ہوں، دنیا میں کوئی انسان خطا سے پاک نہیں۔
مولانا طارق جمیل نے کہا کہ حامد میراور دیگرمیڈیا کے لوگوں سے معافی چاہتا ہوں،کوئی دلیل نہیں، مجھ سے غلطی ہوئی لیکن چینل پر جھوٹ سے متعلق بات کس نے کہی نہیں بتاسکتا، یہ معاملہ ذاتی ہے۔
مولانا طارق جمیل نے کہا کہ حلفیہ کہہ سکتا ہوں کہ یہ بات ٹاپ 10 میں سے ایک نے کہی، نام نہ بتانے پر معذرت قبول کریں۔
مولانا طارق جمیل نے عالم دین ہو کر بھی اپنی غلطی تسلیم کرلی لیکن افسوسناک بات یہ دیکھنے میں آئی کہ جو لوگ دینی معاملات کو سمجھتے تک نہیں ہیں وہ بھی سوشل میڈیا پر آ کر مولانا کے خلاف قابل اعتراض الفاظ استعمال کرتے دکھائی دئیے۔