خام تیل کی قیمتیں عالمی منڈی میں مزید گر گئیں

0

فوٹو : بشکریہ بلوم برگ

اسلام آباد(زمینی حقائق ڈاٹ کام)کورونا وائرس کے باعث
عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتیں ایک بار پھر مزید گر گئی ہیں اور ’برینٹ کروڈ‘ میں آٹھ فیصد گراوٹ ریکارڈ کی گئی ہے۔

اس حوالے سے اے ایف پی کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ بدھ کو عالمی مارکیٹ میں خام تیل کے فی بیرل کی قیمت 18 ڈالر سے کم ہوگئی ہے جبکہ امریکی تیل مارکیٹ میں استحکام کے لیے کشمکش جاری رہی۔

امریکی خام تیل کی مارکیٹ تاریخ کی بدترین گراوٹ کا شکار ہو کر منفی میں چلی گئی تھی تاہم منگل کو منڈی میں قدرے استحکام رہاہے اور اس کیلئے حکومتی سطح پر ہرممکن کوششیں کی جارہی ہیں۔

برینٹ،جسے یورپی تیل مارکیٹ کا بینچ مارک کہا جاتا ہے، بدھ کو آٹھ اعشاریہ آٹھ فیصد نیچے آیا اور ایشیا میں خام تیل 17 اعشاریہ چھ تین ڈالر فی بیرل میں ٹریڈ ہوا۔

اے ایف پی کے مطابق برینٹ میں مسلسل گراوٹ ہے جبکہ امریکی بینچ مارک ڈبلیو ٹی آئی میں تین فیصد اضافہ دیکھا گیا۔ پاکستان عالمی منڈی میں تیل کے سودے برینٹ بینچ مارک کے تحت کرتا ہے.

اسی لیے پاکستان میں حزب اختلاف کی جماعتیں اور عوامی حلقے حکومت سے تیل کی قیمتوں میں کمی کا مطالبہ کر رہی ہیں جبکہ یہ امکانات بھی موجود ہیں کہ یکم مئی سے پاکستان میں بھی تیل کی قیمتیں مزید کم ہوں گی۔

دوسری طرف امریکی صدر ٹرمپ کی درخواست پر روس اور سعودی عرب نے تیل کی پیداوار میں کمی کا معاہدہ کیا ہے جس کے تحت یکم مئی سے تیل کی یومیہ پیداوار کم کی جائے گی تاکہ قیمتوں میں استحکام لایا جا سکے۔

واضح رہے کہ کورونا وائرس کی وجہ سے دنیا بھر میں جاری لاک ڈاؤن نے بھی تیل کی عالمی منڈی کو بری طرح متاثر کیا ہےاور امریکہ سمیت دیگر ممالک قیمتوں میں استحکام لانے کیلئے کوششیں کر رہے ہیں ۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.