رمضان المبارک میں گھر پر نمازاورتراویح پڑوں گا،فضل الرحمان
فوٹو: فائل
اسلام آباد(زمینی حقائق ڈاٹ کام)جے یو آئی (ف ) کے امیر مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ اگرحکومت اور علماء میں رمضان المبارک کے حوالے سے نکات پر اتفاق ہو گیا ہے تو اس فیصلے کااحترام کرنا چایئے میں بھی کورونا وائرس کے باعث رمضان المبارک میں نماز اور تراویح گھر میں ہی ادا کروں گا۔
مولانا فضل الرحمان نے واضح کیاکہ کراچی میں تمام مسالک کے علماء کا اجلاس ہوا جس میں اپنی کچھ تجاویز دی تھیں، ابتداء میں ہماری اور ان کی تجاویزمشترکہ تھیں جبکہ بھارت کے علماء کی مساجد کے حوالے سے جو تجاویز آئیں وہ بھی تقریباً اس کے برابر تھیں۔
وہ جیو نیوز کے پروگرام جرگہ میں گفتگو کررہے تھے ، مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ جس مسئلے پر اتفاق رائے ہوجاتا ہے تو اس کا احترام کرنا چاہیے، اتفاق رائے کے بعد میری ذاتی رائے بس ذاتی رائے رہ جاتی ہے۔
امیر جے یو آئی ف نے اس موقع پر انڈیا کے ساتھ ساتھ نیپال بھی ہونے والے فیصلوں کاحوالہ دیا ، ان کاکہنا تھا کہ ہمیں حدود و قیود کا خیال رکھنا چاہیے، رمضان المبارک میں گھر پر نماز پڑھوں گا اور گھر میں بھائی، بیٹوں اور بھتیجوں کے ساتھ تروایح ادا کروں گا۔
جمعیت علمائے اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ میں مسجد بھی جاوں گا تاہم کوشش کروں گاکہ رمضان میں مسجد میں جاکر وہاں کسی اجتماع کا سبب نہ بنوں۔
یاد رہے آج حکومت اور علمائے کرام کے درمیان 20 نکات پر اتفاق ہوا ہے جس کے مطابق مساجد اور امام بارگاہوں میں دریاں یا قالین نہیں بچھائے جائیں گے، صاف فرش پر نماز پڑھی جائے گی۔
مسجد کے فرش کو صاف کرنے کے لیے کلورین کا استعمال ہو گا اور نمازیوں کے درمیان چھ فٹ کا فاصلہ رکھا جائے گا، جب کہ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور علمائے کرام کے اجلاس میں مساجد کے احاطے میں نماز تراویح کی ادائیگی پر اتفاق ہوا ہے۔