جماعت کے کارکنوں کو قوم کےمسیحا کا کردار ادا کرنا ہے،دردانہ صدیقی
راولپنڈی(زمینی حقائق ڈاٹ کام) جماعت اسلامی ویمن کی سیکرٹری جنرل دردانہ صدیقی نے کہا ہےآزمائش کی اس گھڑی میں انسان فطرت کے انہی اصولوں کی جانب لوٹ رہا ہے جو آج سے چودہ سو سال پہلے نبی مہربان صلی اللہ علیہ وسلم نے وضع کیے تھے.
جماعت اسلامی کے عہدے داران اور کارکنان سے آن لائن خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ آج اللہ تعالی نے ہمیں مشکل میں ڈال کر ایک بار پھر ہمیں اپنی جانب پلٹنے کا موقع دیا ہے.
دردانہ صدیقی کا کہنا تھا کہ ان حالات میں جب کہ دنیا اور انسانیت اسلام کے نظام عدل کی منتظر ہےجماعت اسلامی کے کارکن کی حیثیت سے ہمیں اس وقت اپنی قوم اور انسانیت کے مسیحا کا کردار ادا کرنا ہے۔
انہوں نے کارکنان کو عملی میدان میں کام کرنے کے لیے مختلف ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ اپنے محلے اور اردگرد میں خصوصی مستحق خاندانوں کی خبر گیری کرنا بحیثیت داعی ہمارا سب سے پہلا فرض ہے۔
جماعت اسلامی ویمن کی سیکرٹری جنرل نےکہا کہ اس وقت خصوصی طور پر عبادات کے ساتھ انفرادی محاسبہ کو بہت زیادہ اہمیت دی جائے ہماری کوتاہیوں ہی نے ہمیں امتحان میں ڈالا ہے۔
انہوں نے کارکنان کو مرکز کی طرف سے جاری کردہ ہدایات پر عمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے مختلف تنظیمی امور کو آن لائن جاری رکھنے پر بھی زور دیا۔
ملک بھر میں تمام زمہ داران اور کارکنان نے بیک وقت یہ خطاب سنا ۔یہ خصوصی خطاب حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس اور ویب سائٹ پر سنا جاسکتا ہے۔