آل پارٹی کانفرنس نے انتخابی نتائج مسترد کردیئے، ری پولنگ کا مطالبہ

0

اسلام آباد(ویب ڈیسک )انتخابات میں مبینہ انتخابی دھاندلی کیخلاف متحدہ مجلس عمل کی جانب سے بلائی گئی آل پارٹیز کانفرنس نے 25 جولائی کو ہونے والے انتخابات کے نتائج مسترد کر دیئے۔

اسلام آباد میں اے پی سی کے بعد سیاسی جماعتوں کے رہنماوں کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ تمام سیاسی جماعتوں نے 25 جولائی کو ہونے والے انتخابات کے نتائج کو یکسر مسترد کر دیا ہے۔

کل جماعتی کانفرنس کی سربراہی متحدہ مجلس عمل کے سربراہ مولانا فضل الرحمان اور ن لیگ کے صدر شہباز شریف نے مشترکہ طور پر کی۔
مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا اے پی سی میں شریک تمام جماعتوں نے ملک میں ازسرنو شفاف انتخابات کے انعقاد پر اتفاق کیا ہے۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ دوبارہ انتخابات چلانے کے لیے تحریک چلائیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ ہم ملک میں جمہوریت کی بقا چاہتے ہیں، جمہوریت کو یرغمال نہیں ہونے دیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ دیکھیں گے کہ یہ کس طرح سے اس ایوان کو چلاتے ہیں، چور لٹیروں کو اس مقدس ایوان میں داخل نہیں ہونے دیں گے۔

شہباز شریف نے کہا کہ تحریک چلانے کے معاملے پر متفق ہوں لیکن حلف نہ اٹھانے کے حوالے سے پارٹی رہنماوں سے مشاورت کروں گا اور جلد اگلا لائحہ عمل جاری کریں گے۔

تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین کی جانب سے کنوینر ایم کیو ایم پاکستان خالد مقبول صدیقی سے رابطے کے باوجود ایم کیو ایم کے رہنما فاروق ستار اے پی سی میں شریک ہوئے۔ پیپلز پارٹی اپنا اجلاس ہونے کے سبب شریک نہیں ہوئی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.