لاک ڈاؤن کی حمایت نہ مخالفت، قومی سلامتی فیصلوں پر سوال اٹھا دیا
ویب ڈیسک
لاہور: قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے ملک میں لاک ڈاؤن سے متعلق فیصلے کے لیے قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس بلانے کا مطالبہ کردیاہے ۔
شہباز شریف نے ایک بیان میں کہا ہے کہ وزیراعظم کے خطاب نے قومی سلامتی کے اہم فیصلوں سے متعلق سوال اٹھادیا ہے، حکومتی حکمتِ عملی واضح کی جائے.
مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کا کہنا ہے کہ قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس بلا کر واضح کیا جائے کہ لاک ڈاؤن ہوگا یا نہیں؟ تاہم لاک ڈاؤن کی حمایت یا مخالفت نہیں کی.
شہباز شریف نے کہا کہ قوم کی جان بچانے کی قومی حکمت عملی بچوں کا کھیل نہیں، قوم کو شک میں ڈالنا، انتظامیہ اور عوام کے لئے مسائل پیدا کرنے والی بات ہے.
کورونا ریلیف فنڈ کی ترسیل کے لئے فوری پارلیمانی مانیٹرنگ کمیٹی تشکیل دی جائے، صحت کی قائمہ کمیٹی کا ویڈیو لنک پر فی الفور اجلاس بلایا جائے۔
واضح رہے شہبازشریف نے بیان میں لاک ڈاؤن کا مطالبہ کیا نہ ہی لاک ڈاؤن کا مشورہ دیا، بظاہر وزیراعظم کو کہا کہ قوم کو ابہام میں نہ ڈالا جائے لیکن خود بھی کوئی تجویز پیش نہ کرکے ابہام پیدا کرنے کی کوشش کی گئی ہے.