کورونا ،7 افراد جاں بحق، 958 کیسز کی تصدیق
فوٹو :فائل
اسلام آباد(زمینی حقائق ڈاٹ کام) پاکستان میں کورونا وائرس سے لاہور میں ایک شخص چل بسا جس کے بعد ملک میں مرنے والوں کی تعداد7 ہوگئی ہے جبکہ ملک بھر میں کیسز کی تعداد 958 ہوچکی ہے۔
آج مزید 74 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جن میں خیبرپختونخوا میں 40، پنجاب میں 21 اور سندھ میں 13 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی، نئے کیسز کی تصدیق کے بعد ملک بھر میں متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 958 تک جاپہنچی ہے.
اب تک 10 افراد صحتیاب ہوئے جن میں گلگت بلتستان اور سندھ میں 4، 4 اور 2 کا تعلق اسلام آباد سے ہے۔
پنجاب میں مریض جاں بحق ہوا،اس سے قبل خیبرپختونخوا میں 3، بلوچستان، گلگت بلتستان اور سندھ میں ایک ایک مریض جاں بحق ہوچکا ہے۔
پاکستان میں لاک ڈاؤن بھی جاری ہے، وزارت داخلہ کے نوٹیفکیشن کے مطابق گلگت بلتستان، آزاد کشمیر میں بھی فوج تعینات کی گئی ہے اور فوج کی خدمات آئین کے آرٹیکل 131 اے کے تحت طلب کی گئی ہیں۔
پنجاب میں آج کورونا وائرس سے لاہور کے میو اسپتال میں 57 سالہ مریض انتقال ہوا، وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے صوبے میں وائرس سے پہلی ہلاکت کی تصدیق کی.
پنجاب میں آج کورونا وائرس کے مزید 21 کیسز سامنے آئے،
محکمہ صحت کے مطابق پنجاب میں کورونا وائرس میں مبتلا افراد میں 176 زائرین شامل ہیں جب کہ لاہور میں 59، ملتان 2، راولپنڈی 2، گجرات، 12، جہلم 3، گوجرانوالہ، 7، سرگودھا، فیصل آباد، منڈی بہاؤ الدین اور رحیم یار خان میں ایک، ایک کیس ہے۔
سندھ میں میں آج مزید 13 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد صوبے میں مجموعی تعداد 407 تک جاپہنچی ہے۔
صوبائی وزارت صحت کی ترجمان کے مطابق کراچی میں مزید 8 نئے کیس رپورٹ ہوئے ہیں جس کے بعد شہر میں متاثرہ افراد کی تعداد 140 تک جاپہنچی ہے جب کہ ایک مریض کا تعلق حیدرآباد اور ایک کا دادو سے ہے۔
تفتان سے سکھر آنے والے زائرین میں مزید5 افراد میں مہلک وائرس کی تشخیص ہوئی ہے جس کے بعد متاثرہ افراد کی تعداد 265 ہوگئی ہے۔
ترجمان کے مطابق سندھ میں 4 مریض صحت یاب ہوئے ہیں، جن میں سے 3 کا تعلق کراچی اور ایک کا حیدرآباد سے ہے جب کہ ایک مریض انتقال کرچکا ہے۔
خیبر پختونخوا میں مزید 40 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد صوبے بھر میں متاثرہ مریضوں کی مجموعی تعداد 78 ہوگئی۔
وزارت صحت خیبر پختونخوا کے حکام کا کہنا ہے کہ تفتان سے ڈیرہ اسماعیل خان آنے والے زائرین میں سے 37 افراد میں مہلک وائرس کی تصدیق ہوئی جبکہ صوبے کے دیگر شہروں میں 3 نئے کیسز سامنے آئے۔
صوبائی محکمہ صحت کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق اب تک ڈیرہ اسماعیل خان میں 53، پشاور میں 12، مردان میں 6، مانسہرہ میں 3، بونیر، چارسدہ، جنوبی وزیرستان اور کرک میں ایک، ایک مریض میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔
ترجمان گلگت بلتستان حکومت فیض اللہ فراق کے مطابق ضلع نگر میں 34، اسکردو میں 16، گلگت اور شِگر میں 13، 13، کھرمنگ میں 3 اور استور میں ایک کیس رپورٹ ہوا ہے جبکہ کورونا وائرس کے 4 مریض صحتیابی کے بعد گھر منتقل ہوگئے ہیں۔