چوہدری نثار کا آزاد حیثیت میں الیکشن لڑنے کا اعلان
فائل فوٹو
راولپنڈی(ویب ڈیسک )سابق وزیرداخلہ اور مسلم لیگ ن کے رہنما چوہدری نثار نے آزار حیثیت میں الیکشن لڑنے کا اعلان کردیا ہے۔
راولپنڈی کے علاقے اڈیالہ روڈ پر کارنر میٹنگ میں اظہارخیال کرتے ہوئے چوہدری نثار نے آزاد حیثیت میں انتخاب لڑنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی نے ٹکٹ سیاسی یتیموں کودئیے ہیں۔
چوہدری نثار علی خان نے مسلم لیگ ن کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف میں 10 اور ن لیگ میں 100 سے بھی زائد خامیاں ہیں۔
چوہدری نثار نے کہا کہ وہ بہت کچھ کہہ سکتے ہیں لیکن انہیں 34 سال کی رفاقت کا خیال آجاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آزاد الیکشن لڑوں گا اس لیے اب زیادہ محنت کی ضرورت ہے۔
یاد رہے کہ مسلم لیگ ن میں چوہدری نثار کو پارٹی ٹکٹ دینے کے حوالے سے نواز شریف اور شہباز شریف میں اختلاف رائے پایا جاتا ہے۔
مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف چوہدری نثار کو پارٹی ٹکٹ دینے کے حق میں ہیں جب کہ نواز شریف کا کہنا ہے کہ جب تک چوہدری نثار پارٹی ٹکٹ کے لیے اپلائی نہ کریں تو انہیں ٹکٹ نہ دیا جائے۔