نوازشریف اور شاہد خاقان کیخلاف انکوائری کی منظوری

0

فائل فوٹو

اسلام آباد(ویب ڈیسک )سابق وزرائے اعظم نوازشریف اور شاہد خاقان عباسی کے خلاف اختیارات کے ناجائز استعمال کے الزام پر نیب نے انکوائری کی منظوری دے دی۔

نیب اعلامیہ کے مطابق چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال کی زیر صدارت قومی احتساب بیورو کے ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس ہوا جس میں سابق وزرائے اعظم نواز شریف اور شاہد خاقان عباسی سمیت دیگر کے خلاف انکوائریوں کی منظوری دی گئی۔

نوازشریف اور شاہد خاقان عباسی کے خلاف اختیارات کے ناجائز استعمال کا الزام ہے، دونوں شخصیات نے قواعد کے برخلاف من پسند کمپنی کو 15 سال کے لیے ایل این جی ٹرمینل کا ٹھیکہ دیا جس سے قومی خزانے کو مبینہ طور پر اربوں کا نقصان ہوا۔

سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو اس انکوائری میں بطور سابق وزیر پیٹرولیم شامل کیا گیا ہے۔نیب اجلاس میں دیگر انکوائریوں کی بھی منظوری دی گئی

ایگزیکٹو بورڈ نے سابق وزیراعلیٰ سندھ ،سابق سیکریٹری کلچر ٹورزم اینڈ اینٹیک ڈیپارٹمنٹ حکومت سندھ کے افسران و اہلکاروں اوردیگر کے خلاف بھی انکوائری کی منظوری دی ہے، ملزمان پر مبینہ طور پر اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے سندھ کلچرل فیسٹیول 2014 میں قواعد کے برخلاف ٹھیکہ دینے اور بدعنوانی کا الزام ہے جس سے قومی خزانے کو تقریباً 127 ملین روپے کا نقصان پہنچا۔

نیب ایگزیکٹو بورڈ نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب، متعلقہ سیکریٹریز، چنیوٹ سے سابق ایم پی اے اور رمضان شوگر ملز لمیٹڈ چنیوٹ کی انتظامیہ کے خلاف انکوائری کی منظوری دی، ملزمان پرمبینہ طور پراختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے قومی خزانے کو بھاری نقصان پہنچانے کا الزام ہے۔

اعلامیے کے مطابق نیب کے ایگزیکٹو بورڈ نے سابق چیئرمین کراچی پورٹ ٹرسٹ وائس ایڈمرل ریٹائرڈ احمد حیات، سابق جنرل مینیجر کے پی ٹی بریگیڈیئر ریٹائرڈ سید جمشید زیدی اور میسرز کراچی انٹرنیشنل کنٹینرز ٹرمینل کے خلاف بدعنوانی کاریفرنس دائر کرنے کی بھی منظوری دی۔

ایگزیکٹو بورڈ اجلاس نے سابق صوبائی وزیر بلوچستان شیخ جعفر خان اور ڈپٹی ڈائریکٹر واٹر مینجمنٹ عبدالطیف خان کے خلاف انکوائری کی منظوری دی، ملزمان پر مبینہ طور پر اختیارات کا ناجائز استعمال اور آمدن سے زائد اثاثے بنانے کا الزام ہے۔

اعلامیے کے مطابق بورڈ نے سابق صوبائی وزیر برائے جنگلات بلوچستان عبیداللہ بابت اور دیگر کے خلاف انکوائری کی منظوری دی، ملزمان پرمبینہ طور پر اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے سرکاری فنڈز میں خردبرد اور آمدن سے زائد اثاثے بنانے کاالزام ہے جس سے قومی خزانے کو بھاری نقصان پہنچا۔

نیب کے ایگزیکٹو بورڈ نے سابق اسپیکر، ڈپٹی اسپیکر اور عبداللہ خان، سیکریٹری گلگت بلتستان قانون ساز اسمبلی سیکرٹریٹ اور دیگر کے خلاف انکوائری کی منظوری دی، ملزمان پر مبینہ طور پر اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے غیرقانونی تعیناتیوں کاالزام ہے جس سے قومی خزانے کو بھاری نقصان پہنچا۔

ایگزیکٹو بورڈ نے پیراگون ہاوسنگ سوسائٹی کی انتطامیہ اوردیگرکے خلاف بھی انکوائری کی منظوری دی، ملزمان پر عوام سے بڑے پیمانے پر مبینہ دھوکا دہی اور مشتبہ رقوم کی منتقلی کاالزام ہے۔

قومی احتساب بیورو کے اعلامیے کے مطابق ایگزیکٹو بورڈ کیاجلاس میں سابق ایم پی اے تحصیل کوٹ ادو جواد کامران کھر اور دیگر کے خلاف انکوائری کی منظوری دی ،ملزمان پر مبینہ طور پر مظفر گڑھ میں کاغذات میں ردوبدل کرکے سرکاری اراضی الاٹ کروانے کا الزام ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.