نگران وزیراعظم نے بدترین لوڈ شیڈنگ کا نوٹس لے لیا
اسلام آباد(ویب ڈیسک )نگران وزیر اعظم جسٹس (ر) ناصرالملک نے ملک میں بد ترین لوڈشیڈنگ کا نوٹس لے لیا، بہتری کیلئے فوری اقدامات کی ہدایت
ملک میں بجلی کی صورتحال پرنگران وزیراعظم کی زیرصدارت پاور سیکٹر کا اعلی سطح کا اجلاس ہوا جس میں انہیں ایم ڈی پیپکو، ایم ڈی این ٹی ڈی سی اور دیگر اعلی حکام نے انہیں بریفنگ دی۔
نگران وزیراعظم کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ موجودہ بجلی پیداواری صلاحیت 28 ہزار 704میگا واٹ ہے جب کہ گزشتہ مہینے ہائیڈل جنریشن 3 ہزار 90 میگاواٹ رہی ہے۔
پانی کی کمی اور سخت موسمی حالات کے باعث بجلی کی پیداوار میں کمی ہوئی ہے لیکن اس کے باوجود گزشتہ کابینہ کے رمضان لوڈ مینجمنٹ پلان پر عمل در آمد کی کوشش کررہے ہیں۔
اجلاس میں نگران وزیر اعظم نے وزارت پانی وبجلی کو لوڈشیڈنگ کم کرنے اور پاور سیکٹر لاسز اور نظام کی بہتری کے حوالے سے اقدامات کی ہدایت کی۔
نگران وزیراعظم نے ڈسکوز میں بھاری نقصانات پر اظہار برہمی کرتے ہوئے ہدایت کی کہ تمام ادارے اور وزارت توانائی نقصانات کے ازالے کے لیے اقدامات کریں، وفاقی اور صوبائی سطح پر مدد کی ضرورت ہو تو آگاہ کریں۔
نگران وزیر اعظم نے کہا کہ ایسا جامع پلان تیار کیا جائے جو آئندہ منتخب حکومت کے لیے مددگار ثابت ہو۔