عالمی منڈی تیل کی قیمتوں میں کمی ، پاکستان کیلئے اچھی خبر
ویب ڈیسک
اسلام آباد:کورونا وائرس کے باعث جہاں تیل کی قیمتوں میں 30فیصد کمی ہوئی ہے وہاں پاکستان کیلئے اچھی خبرآئی ہے جس کا پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر کو فائدہ پہنچنے کے ساتھ ساتھ پاکستان میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑی کمی کے امکانات پیدا ہو گئے ہیں۔
امریکی مالیاتی ادارے گولڈمین کے مطابق خام مال کی قیمتوں میں 20 ڈالر فی بیرل تک کمی واقع ہوسکتی ہے۔ اس صورت میں پاکستان کی تیل کی درآمدات میں کی جانے والی ادائیگیوں میں بھی بڑی کمی واقع ہوسکتی ہے۔
پیر کو سعودی عرب نے تیل کی قیمتوں میں بڑی کمی کردی اور اپریل میں پیداوار ایک کروڑ بیرل یومیہ کرنے کا اعلان کیا۔ اس اقدام سے عالمی مالیاتی منڈیوں کو بڑا دھچکا پہنچا۔
سعودی عرب کے اس اقدام سے عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں 1991 کی خلیجی جنگ کے بعد سب سے بڑی کمی واقع ہوئی۔ امریکی خام تیل کی قیمت بھی 28 ڈالر فی بیرل ہوگئی۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ سعودی عرب اور روس کے مابین تیل کی قیمتوں پر جاری اس کشیدگی سے تیل کے بڑے برآمد کنندہ ممالک کو فوائد حاصل ہوسکتے ہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ تیل کی قیمتوں کی کمی کے حالیہ رجحان سے پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر میں 2.8ارب ڈالرتک کی بہتری آسکتی ہے، جو کہ موجودہ جاری کھاتوں کے خسارہ کا نصف بنتا ہے۔